سی ڈی ڈبلیو پی کے 5 سال میں 68 اجلاس، 734 منصوبے منظور

حسیب حنیف  منگل 29 مئ 2018
مالیت700ارب روپے سے زائد،معقولیت کے ذریعے67ارب روپے بچائے گئے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

مالیت700ارب روپے سے زائد،معقولیت کے ذریعے67ارب روپے بچائے گئے، دستاویز۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: موجودہ دور حکومت کے دوران سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی ( سی ڈی ڈبلیو پی) نے 700ارب روپے سے زائد کے 734منصوبوں کی منظوری دی، ان 5 برسوں کے دوران ترقیاتی منصوبوں کی منظوری میں 67ارب روپے تک ریشنلائزیشن کے تحت بچائے گئے۔

’’ایکسپریس‘‘ کو موصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے گزشتہ 5سال کے دوران سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 700ارب روپے سے زائد کے 734منصوبوں کی منظوری دی گئی، مالی سال 2013-14 کے دوران 37ارب روپے مالیت کے 80منصوبے مکمل کیے گئے جس میں وفاقی حکومت نے 2.6ارب روپے منصوبوں کی ریشنلائزیشن کے تحت محفوظ کیے۔

اسی طرح 2014-15کے دوران 130 ارب روپے مالیت کے 155منصوبے مکمل کیے گئے جس میں ریشنلائزیشن کے تحت 13 ارب روپے قومی خزانے کے محفوظ کیے گئے، مالی سال 2015-16کے دوران سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلا س میں 181.1ارب روپے مالیت کے 168منصوبے منظور کیے گئے جس میں ریشنلائزیشن کے تحت 18ارب روپے تک محفوظ کیے گئے۔

مالی سال 2016-17کے دوران سی ڈی ڈبلیو پی کی جانب سے 106.1 ارب روپے مالیت کے 113منصوبے منظور کیے گئے اور ریشنلائزیشن کے تحت 11.35 ارب روپے محفوظ کیے گئے، اسی طرح سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 2017-18کے دوران 244ارب روپے مالیت کے 14منصوبے منظور کیے گئے جس میں منصوبوں کی ریشنلائزیشن کر تے ہوئے 21.77ارب روپے محفوظ کیے گئے۔

اس طرح سی ڈی ڈبلیو پی نے گزشتہ5 سال کے دوران 68اجلاس بلائے جس میں 700ارب روپے مالیت کے 734منصوبوں کو منظوری دی گئی جبکہ منصوبوں میں ریشنلائزیشن کرتے ہوئے 67.9ارب روپے بچائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔