عالمی طاقتیں انتخابات سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، سیکریٹری الیکشن کمیشن

سیکیورٹی کیلیے پاک فوج کی خدمات کامطالبہ آرہاہے، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹی کیلیے پاک فوج کی خدمات کامطالبہ آرہاہے، بابر یعقوب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ عالمی طاقتیں عام انتخابات کو سبوتاژ کرناچاہتی ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمدنے کہاہے کہ عام انتخابات کے موقع پر بڑے پیمانے پر سیکیورٹی خطرات ہیں جو الیکشن کمیشن کیلیے پریشانی کاباعث ہیں لیکن انتخابات کے موقع پرفوج تعینات کرنے کاابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاگیا۔

سینیٹر رحمن ملک کی زیرصدارت اجلاس میں سینیٹرمیاں عتیق، اعظم موسیٰ خیل، چوہدری تنویر، جاویدعباسی،کلثوم پروین، اسدعلی جونیجو، اعظم سواتی اور غفورحیدری نے شرکت کی جبکہ اجلاس میںچیئرمین نادرا، چیف کمشنراسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب اور سیکریٹری الیکشن کمیشن موجود تھے۔

کمیٹی کوبریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ عالمی طاقتیں عام انتخابات کو سبوتاژ کرناچاہتی ہیں، پولیس کی سیکیورٹی ناکافی ہے، صوبوں کی طرف سے پاک فوج کی خدمات کامطالبہ آ رہاہے، سیکیورٹی خطرات پر کمیٹی کوان کیمرا بریفنگ دی جائے گی، ملک میں 20ہزار پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیدیے گئے، حساس پولنگ اسٹیشنوں میں کیمرے لگائے جائیں گے۔ کیمرے سے سیکیورٹی اور الیکشن عملے کے نظم و نسق کوبھی مانیٹر کیاجاسکے گا، سیکیورٹی کیلیے پاک فوج کی خدمات کامطالبہ آرہاہے۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پاک فوج کے ساتھ سیکیورٹی پر اجلاس ہوچکے ہیں، پاک فوج مشرقی اور مغربی بارڈر پر مصروف ہے،کیمروں کی تنصیب کا طریقہ کارطے کرنا باقی ہے۔ کیمروں کی تنصیب سے الیکشن میں شفافیت آئے گی۔ سیکیورٹی کیلیے پولیس ناکافی ہے۔ غور کیاجارہاہے کہ پاک فوج کو صرف حساس پولنگ اسٹیشنوںیاتمام اسٹیشنوںپر تعینات کریں۔ ایک تجویز ہے کہ تمام پولنگ اسٹیشنوں پرفوج تعینات کی جائے۔

کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 20 ہزارپولنگ اسٹیشنز پرسی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کے حوالے سے سوالات کیے جبکہ کمیٹی نے چاروں صوبائی چیف سیکریٹریزسے اس ضمن میں رپورٹ طلب کرلی، کمیٹی کے ارکان نے الیکشن کے دن ڈیوٹی انجام دینے والے اسٹاف کوکھانے اورٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی سفارش کی۔

سیکریٹری الیکشن کمشن نے قائمہ کمیٹی کو بتایاکہ مجموعی طور پرملک بھرمیں85 ہزارپولنگ اسٹیشنز ہیں اور اگر ہرپولنگ سٹیشن پر4سے 5 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیںتو3 لاکھ پولیس اہلکاردرکارہوں گے۔ ابھی تک الیکشن کے دن فوج کو تعینات کرنے کے بارے میںکوئی حتمی فیصلہ نہیں کیاگیا۔ کمیٹی نے کہاکہ الیکشن میںنتائج تبدیل کیے جاتے ہیں، پولنگ اسٹیشنزسے نتائج ریٹرننگ افسروںکے دفاترلے جاتے ہوئے تبدیل کیے جاتے ہیں۔ رحمن ملک

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔