چیمپئنز ٹرافی ؛ قومی ہاکی ٹیم کا انتخاب آج ہوگا

اسپورٹس رپورٹرز  بدھ 30 مئ 2018
 چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس ترانوالہ ثابت نہیں ہوں گے، کامن ویلتھ گیمز کی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریںگے، منیجر حسن سردارفوٹو: فائل

 چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس ترانوالہ ثابت نہیں ہوں گے، کامن ویلتھ گیمز کی کارکردگی دہرانے کی کوشش کریںگے، منیجر حسن سردارفوٹو: فائل

کراچی/لاہور:  ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ٹرائلز بدھ کو کراچی میں ہونگے، 22کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا 2 ہفتے کا کیمپ ہالینڈ میں بھی لگایا جائیگا جس میں آسٹریلیا، ہالینڈ اور مقامی کلبز کیساتھ مجموعی طور پر 5 پریکٹس میچز بھی کھیلے جائینگے، کیمپ کے دوران غیرملکی گول کیپراورپنالٹی کارنر اسپشلسٹ کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

قومی ٹیم منیجر حسن سردارکا کہنا ہے کہ چیمپئنزٹرافی کے دوران گرین شرٹس ترانوالہ ثابت نہیں ہونگے بلکہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے کامن ویلتھ گیمزکی ناقابل شکست رہنے والی کارکردگی دہرانے کی کوشش کرینگے، چیمپئنز ٹرافی قومی پلیئرز کو ایشیائی ایونٹ کی تیاریوں کا بھی بھر پور موقع فراہم کریگی۔ تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم کے ٹرائلز کا اعلان کر دیا گیا، اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی پر مشتمل سلیکشن کمیٹی ابتدائی مرحلے میں 22 کھلاڑیوں کا انتخاب کریگی، عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول ٹرائلز کے موقع پر سلیکشن کمیٹی کے علاوہ صدر پی ایچ ایف اور سیکریٹری بھی موجود ہونگے۔ ٹرائلز کا حصہ بننے والے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد علی، وقار، محمد عرفان سینئر، محمد فیصل قادر، محمد علیم بلال، تعظیم الحسن، عماد شکیل بٹ، مبشر علی، جنید منظور، تصور عباس، محمد رضوان جونیئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ، ابوبکر محمود، شفقت رسول، غضنفر علی، عبدالوحید اشرف، اظفر یعقوب، محمد عتیق، محمد ارسلان قادر، اعجاز احمد، سمیع اللہ، رانا سہیل ریاض، عرفان جونیئر، محمد دلبر، نوید عالم، اسد عزیز، محمد بلال قادر، محمد رضوان، محمد جنید کمال،خضر حیات، تیمور ملک، محمد عاطف مشتاق ، اویس اور عمر حامدی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 23 جون سے شروع ہو کر یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں جاری رہے گی ۔

جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوںگی۔چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کیخلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی۔ قومی ٹیم منیجر حسن سردار کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے ابتدائی مرحلے میں22 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا، ہم چاہتے ہیں کہ ہالینڈ میں بھی کھلاڑیوں کا کیمپ لگایا جائے جس کا حصہ بننے والے22کھلاڑیوں میں سے18حتمی پلیئرز کا انتخاب کیا جائے۔

انھوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے قومی ٹیم3 جون کو ہالینڈ جائیگی جہاں کھلاڑیوں کا 2 ہفتوں پر مشتمل کیمپ لگایا جائیگا۔انھوں نے مزیدکہا کہ پی ایچ ایف نے اس کیمپ کیلیے 2 غیر ملکی گول کیپر اور پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ کوچز کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔انھوں نے کہ کیمپ کے دوران ہی آسٹریلیا کے اور ہالینڈ اور وہاں کے مقامی کلبز کیخلاف پریکٹس میچز کا پروگرام بھی بنایا گیا ہے، آسٹریلیا کیخلاف 2، ہالینڈ کے ساتھ ایک اور 2مقامی کلبوں کیساتھ میچز کھیلے جائینگے۔ ٹیم منیجر کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران ہم دنیا کی ٹاپ ٹیموں کیساتھ کھیل کر کھلاڑیوں کو تجربہ دلانا چاہتے ہیں۔

ان مقابلوں کے دوران ہم اپنی حکمت عملی اور پلیئرز کی گیم میں مہارت کا بھی جائزہ لیں گے۔حسن سردار نے واضح کیا کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران گرین شرٹس ترانوالہ ثابت نہیں ہونگے بلکہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز کی ناقابل شکست رہنے والی کارکردگی دہرانے کی کوشش کرینگے۔ان کا کہناتھا کہ ہمارے لیے ایشین گیمز خاصی اہمیت کی حامل اس لیے بھی ہیں کیونکہ اس ایونٹ کا چیمپئن بننے کی صورت میں پاکستانی ٹیم اولمپکس کیلیے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائیگی، چیمپئنز ٹرافی قومی پلیئرز کو ایشیائی ایونٹ کی تیاریوں کا بھی بھرپور موقع فراہم کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔