آسٹریلیا سے سیریز؛ انجرڈ ایون مورگن انگلش ون ڈے ٹیم میں شامل

خبر ایجنسی  جمعرات 31 مئ 2018
اسکاٹ لینڈ سے واحد مقابلے میں بھی شرکت کا امکان روشن، بٹلر کو آرام، بلنگز کی طلبی۔ فوٹو: فائل

اسکاٹ لینڈ سے واحد مقابلے میں بھی شرکت کا امکان روشن، بٹلر کو آرام، بلنگز کی طلبی۔ فوٹو: فائل

 لندن: انگلینڈ نے ون ڈے سیزن کیلیے انجرڈ کپتان ایون مورگن کو ٹیم میں شامل کرلیا۔

انگلینڈ کے ون ڈے کپتان ایون مورگن مڈل سیکس کی جانب سے سمرسیٹ کے خلاف رائل لندن ون ڈے کپ میچ کھیلتے ہوئے اپنی انگلی تڑوا بیٹھے تھے جس کی وجہ سے وہ جمعرات کو لارڈز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول چیریٹی میچ کیلیے ورلڈ الیون سے بھی دستبردار ہوگئے تھے تاہم انھیں 10 جون کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف شیڈول واحد ون ڈے اور اس کے بعد آسٹریلیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچز کی سیریز کیلیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

ایڈنبرا میں شیڈول واحدمیچ کیلیے 13 رکنی اور 13 جون سے اوول میں شروع ہونے والی کینگروز سے سیریز کیلیے 14 رکنی اسکواڈز کا اعلان کیا گیا ہے۔ جوز بٹلر کو اسکاٹش سائیڈ کے خلاف آرام دیا گیا ہے، ان کی جگہ سام بلنگز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ٹیم میں جونی بیئر اسٹو کی صورت میں ایک اور وکٹ کیپر بھی موجود ہیں، ابھی تک یہ بات سامنے نہیں آئی کہ اس مقابلے میں کیپنگ گلوز کون سنبھالے گا۔

گزشتہ برس جب آئرلینڈ کے خلاف میچ میں بٹلر کو آرام دیا گیا تھا تو تب بھی سام بلنگز اور بیئر اسٹو ایک ساتھ میدان میں اترے تھے تاہم گلوز تب بلنگز نے پہنے تھے۔  مئی 2014 کے بعد پہلی بار انگلش ٹیم اسکاٹ لینڈ میں میچ کھیلے گی، آخری مرتبہ اس نے میزبان سائیڈ کو 39 رنز سے شکست دی تھی۔

انگلینڈ نے حال ہی میں دورہ آسٹریلیا کے دوران کینگروز کو اس کے میدانوں پر ایک روزہ سیریز میں 4-1 سے زیر کیا تھا۔

اسکاٹ لینڈ سے واحد میچ کے اسکواڈ میں کپتان مورگن، معین علی، جونی بیئراسٹو، سام بلنگز، الیکس ہالز، لیام پلنکٹ، عادل رشید، جوئے روٹ، جیسن روئے، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ویلی، کرس ووئکس اور مارک ووڈ جبکہ آسٹریلیا کے خلاف 14 رکنی اسکواڈ میں مورگن، معین، بیئراسٹو، بٹلر، ٹام کیورن، ہیلز، پلنکٹ، عادل رشید، روٹ، جیسن روئے، اسٹوکس، ڈیوڈ ویلی، کرس ووئکس اور مارک ووڈ پر مشتمل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔