گندم خریداری، پاسکوآج سے باردانے کا اجرا کرے گی

اے پی پی  جمعرات 25 اپريل 2013
 ملک بھرمیں217 خریداری مراکز قائم، انتظامات مکمل کرلیے،ترجمان،میڈیا کو بریفنگ۔ فوٹو: فائل

ملک بھرمیں217 خریداری مراکز قائم، انتظامات مکمل کرلیے،ترجمان،میڈیا کو بریفنگ۔ فوٹو: فائل

لاہور:  پاسکو رواں سال 16لاکھ میٹر ک ٹن گندم خریدے گی۔

اس مقصد کے لیے باردانہ کا اجرا جمعرات اور گندم خریداری مہم کا آغاز یکم مئی سے ہو گا، پاسکو نے گندم خریدنے کے لیے ملک بھر کی 21تحصیلوں میں 217 خریداری مراکز قائم کیے ہیں جہاں پر تمام تر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

یہ بات پاسکو کے ترجمان جنرل مینجر کمرشل کرنل(ر)تنویر حسین نے بدھ کو پاسکو ہیڈ آفس میںمیڈیا کو بریفنگ کے دوران بتائی۔ کرنل (ر) تنویر حسین نے کہا کہ 203پنجاب، 12سندھ، 1بلوچستان اور 1خیبر پختونخوا میں ہے جہاں پر کاشت کاروں سے 1200روپے من کے حساب سے گندم کی خریداری کو یقینی بنایا جائے گا، خریداری کا عمل صاف و شفاف بنانے کے لیے کاشت کاروں کے لیے تمام سینٹرز میں ٹال فری نمبر اور شکایت سیل قائم کردیے گئے ہیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں پاسکو کی ٹیمیں فوری طور پر ازالہ کریں گی۔

پاسکو کے ترجمان نے کہا کہ گندم کی خریداری کے موقع پر کسی بھی قسم کا سیاسی و انتظامی اثرورسوخ برداشت نہیں کیا جائے گا اور گندم کی خریداری کا عمل مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا،گندم خریداری آپریشن کا دورانیہ 6ہفتوں پر مشتمل ہو گا، ابتدائی 15روز کے دوران 50فیصد باردانہ تقیسم کیا جائے گا جس کے بعد آئندہ 15روز میں 30 فیصد اور باقی ماندہ باردانہ اس کے بعد 15روز میں تقسیم کیا جائے گا۔

باردانے کے اجرا میں ابتدائی مرحلے پر 32 ایکٹر یا اس سے کم گندم کاشت کے حامل چھوٹے کاشت کاروں کو ترجیح دی جائے گی اور فوری طور پر 200بوری تک 8 بوری فی ایکڑ کے حساب سے باردانہ فراہم کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پاسکو انتظامیہ نے گندم کے اسٹاک کو کیڑوں مکوڑوں سے محفوظ رکھنے کے سلسلے میں مناسب انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔