فلپائنی سفیرکاپاکستان سے تجارت کیلیے معاہدے کرنے پرزور

ایکسپریس نیوز  جمعرات 25 اپريل 2013
 فلپائن آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے میں پاکستان کی مدد کرے،ظفربختاوری. فوٹو: فائل

فلپائن آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے میں پاکستان کی مدد کرے،ظفربختاوری. فوٹو: فائل

اسلام آ باد:  پاکستان اور فلپائن میں تجارت کے وسیع تر مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے دونوں ممالک باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔

ان خیالات کااظہار پاکستان میں تعینات فلپائن کے سفیر ڈومینگو لیوسیناریو نے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے موقع پر صدرچیمبر ظفر بختاوری کے ساتھ باہمی تجارتی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ فلپائن کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کی تاجر براری کو چاہیے کہ وہ باہمی سرمایہ کاری میں تعاون کریں اور اس حوالے سے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ تجارتی حجم کو مزید بڑھایا جا سکے، دونوں ممالک میںتجارت بڑھانے کیلیے تجارتی معاہدے کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ڈومینگو لیوسیناریو نے کہا کہ فلپائن میں سروسز کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے جہاں پاکستان کی تاجر برادری کو فلپائن کے ساتھ تجارت بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ بہتر پارٹنر شپ قائم کر کے اپنے معاشی تعلقات کو مزید ترقی دیں۔ اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ظفر بختاوری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان فلپائن کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس کے ساتھ اپنے معاشی تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے آسیان ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی معاشی تعلقات میں مزید بہتری لائیں اور فلپائن کو چاہیے کہ وہ آسیان کا مکمل ڈائیلاگ پارٹنر بننے میں پاکستان کی مدد کرے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان اور فلپائن کے مابین براہ راست فضائی رابطے قائم کیے جائیں جس سے دونوں ممالک کے تاجر و صنعت کار برادی کو ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کرنے میں مدد ملے گی اور دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور فلپائن کے مابین تجارتی حجم موجود صلاحیتوں کے مطابق نہیں ہے حالانکہ دونوں ممالک میں تجارت کو فروغ دینے کے بے شمار مواقع موجود ہیں لہذا دونوں ممالک کو باہمی تجارت کو ترقی دینے کے حوالے سے غورکرنا ہو گا۔

ظفر بختاوری نے کہا کہ دونوں ممالک ویزے کے عمل کو سہل اور آسان بنائیں جو باہمی تجارت کیلیے ضروری ہیں، اس سے تاجر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کر سکیں گے اور مختلف شعبوں میں موجود تجارتی مواقع سے استفادہ حاصل کر سکیں گے جس سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا، اسلام آباد چیمبر آسیان ممالک کے کیپٹل چیمبرز کی کانفرنس کے انعقاد کا پروگرام بنارہا ہے جس سے پاک آسیان معاشی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔