ریحام خان اور (ن) لیگ نے عمران خان پر تنقید کیلئے 10 کروڑ کی پیشکش کی، سلمان احمد

ویب ڈیسک  اتوار 3 جون 2018
ریحام خان اور مسلم لیگ(ن)کے اہم رہنماؤں نے عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کیلئے کہا تھا، سلمان فوٹو:فائل

ریحام خان اور مسلم لیگ(ن)کے اہم رہنماؤں نے عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کیلئے کہا تھا، سلمان فوٹو:فائل

کراچی: معروف گلوکار اورپی ٹی آئی رہنما سلمان احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان اور پاکستان مسلم لیگ(ن)نے انہیں الیکشن سے قبل عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔

گلوکار سلمان احمد نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا ہے کہ عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان، پاکستان مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں کی جانب سےان سے ایک ہی دن رابطہ کیاگیا اور عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کیلئے کہاگیا۔

سلمان احمد نے مزید لکھا انہیں عمران خان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کے لیے ریحام خان کی جانب سے ای میلزاور ٹوئٹس موصول ہوئیں اور اسی دن پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جانب سے 10 کروڑ روپے کی پیشکش کی گئی۔

سلمان نے ریحام خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریحام خان کو کوئی ڈر نہیں ہے اور وہ کچھ نہیں چھپارہیں تو نجی چینل کے ٹاک شو میں میراسامنا کریں اور میرے سوالوں کا جواب دیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ریحام خان کا حمزہ علی عباسی پر دھمکیاں دینے کا الزام

واضح رہے کہ حال ہی میں نامور پاکستانی اداکار ومیزبان اور سماجی رہنما حمزہ علی عباسی نے بھی ریحام خان کو ان کی کتاب کے حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ریحام خان کی کتاب کا مسودہ پڑھا ہے، جس کے مطابق عمران خان دنیا کے سب سےبرے شخص، ریحام خان تہجد گزار خاتون اور شہباز شریف سب سے اچھے انسان ہیں۔ جس پر ریحام خان نے حمزہ علی عباسی پر انہیں دھمکیاں دینے کاالزام لگایا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔