محمد آصف امریکا میں نئی راہیں تلاش کرنے لگے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 7 جون 2018
لیگ کھیلنے کیلیے پہنچ گئے، جلد یہاں انٹرنیشنل میچز ہوںگے، سابق پیسر۔ فوٹو: فائل

لیگ کھیلنے کیلیے پہنچ گئے، جلد یہاں انٹرنیشنل میچز ہوںگے، سابق پیسر۔ فوٹو: فائل

نیویارک:  اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ پاکستانی پیسر محمد آصف اب امریکا میں نئی راہیں تلاش کرنے لگے۔

جنوبی ایشیا اورکرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک سے ہجرت کرکے آ بسنے والے لوگ امریکا میں بھی کھیل کو فروغ دینے کیلیے کوشاں ہیں، یہاں سیکڑوں کی تعداد میں کلبز قائم ہوچکے اوران کے درمیان نہایت اعلیٰ معیار کی کرکٹ کھیلی جاتی ہے،محمد آصف بھی لیگ کھیلنے کیلیے یہاں آئے ہوئے ہیں، انھیں توقع ہے کہ جلد امریکا میں بھی بین الاقوامی مقابلوں کا آغاز ہوگا۔

مقامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں انھوں نے کہا کہامریکا میں پاکستانی کمیونٹی کرکٹ میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، ورجینیا آنے سے قبل میں کیلی فورنیا گیا تھا، میرا مشاہدہ ہے کہ پاکستانی ہر جگہ بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

دیگر موضوعات پر بات چیت کرتے ہوئے محمد آصف نے کہاکہ اگر پاکستان میں سلیکشن کا معیار ہی پی ایس ایل بن گئی تو وہاں ٹیسٹ کے کھلاڑی کہاں سے ملیں گے، اگر ٹیسٹ میچزجیتنا ہیں تو ملک میں گراس روٹ پر کھیل کو فروغ دینا ہوگا۔

محمد آصف نے کہا کہ ٹیم کو معلوم ہونا چاہیے تھا کہ وہ انگلینڈ کے ہوم گرائونڈ پر ٹیسٹ کھیلنے جا رہے ہیں جہاں سخت مقابلے کا سامنا ہوگا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط تھا، ہمیں اپنی بولنگ پر اعتماد کرنا چاہیے تھا۔

ایک سوال پر آصف نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوچکی،توقع ہے کہ جلد مزید بین الااقوامی کرکٹ کھیلی جائے گی، پاک بھارت مقابلے بھی ہونے چاہئیں کیونکہ یہ دونوں ممالک کے عوام کی خواہش ہے، محض سیاست کی وجہ سے کرکٹ نہیں ہورہی حالانکہ جب کبھی باہمی مقابلے ہوں پوری دنیا کی توجہ ان پر ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔