سابق صدر پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جون 2018
پرویز مشرف کی بیرون ملک نامی گرامی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں، وزارت داخلہ : فوٹو : فائل

پرویز مشرف کی بیرون ملک نامی گرامی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں، وزارت داخلہ : فوٹو : فائل

 اسلام آباد: امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے خصوصی عدالت کے حکم کی روشنی میں گزشتہ ماہ  22مئی کو پرویز مشرف کا پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے سابق صدر پرویزمشرف کا ڈپلومیٹک پا سپورٹ بلاک کر دیا، پرویز مشرف کا پاسپورٹ نمبر AJ0848365ہے ۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پرویز مشرف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم

وزارت داخلہ نے خط کے ذریعے ایف آئی اے کو بھی پرویز مشرف کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطے کا حکم دے رکھا ہے اور 22 مئی کو ہی ایف آئی اے کو خط میں کہا تھا کہ وہ انٹرپول سے رابطہ کرے اور انٹرپول کے ذریعہ مشرف کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، وزارت داخلہ نے پرویز مشرف کی بیرون ملک جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پرویز مشرف کی بیرون ملک نامی گرامی جائیدادیں ضبط کرلی جائیں اور حکم پرعملدرآمد کے لیے ایف آئی اے حکومتی تمام اداروں سے تعاون لے سکتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزارت داخلہ پرویزمشرف کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرے

واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو حکم جاری کرنے سے قبل وزارت قانون سے مشاورت کی اور وزارت قانون سے مشاورت کے بعد وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو احکامات جاری کیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔