ایشین گیمز؛ 4 قومی فیڈریشنز اپنے اخراجات پر شرکت کریں گی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 8 جون 2018
پلیئرز اور آفیشلز سے ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے طلب،پی ایس بی کا تعاون سے انکار۔ فوٹو: فائل

پلیئرز اور آفیشلز سے ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے طلب،پی ایس بی کا تعاون سے انکار۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  ایشین گیمز میں پاکستان کی 4 اسپورٹس فیڈریشنز اپنے اخراجات پر شرکت کریں گی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے غیر الحاق یافتہ 4 کھیلوں کی تنظیموں کو ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

ایشین گیمز میں منتظمین نے پاکستان آرچری فیڈریشن، پاکستان سافٹ ٹینس فیڈریشن، پاکستان سیپاک ٹاکرا فیڈریشن اور پاکستان فینسنگ فیڈریشن کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے جس کے بعد ان چاروں فیڈریشنز نے اپنے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے نام پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو ارسال کر دیے تھے جبکہ وہی فہرست ایشین گیمز کے منتظمین کو بھی بھیجی جاچکی ہے تاہم پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ان چاروں فیڈریشنز کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے تربیتی کیمپ کے اخراجات سمیت دیگر فنڈنگ سے یکسر انکار کر دیا ہے جس کے بعد چاروں فیڈریشنز ایشین گیمز میں شرکت کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں اور آفیشلز سے رقم لینے پر مجبور ہوگئی ہیں۔

ایشین گیمز میں شرکت کے لیے چاروں مذکورہ فیڈریشنز نے اخراجات کے لیے کھلاڑیوں اور آفیشلز سے ڈیڑھ سے 2 لاکھ روپے طلب کرکے انھیں جلد از جلد رقم جمع کروانے کی ہدایت کی ہے، ان اخراجات میں گیمز ولیج کے 50 ڈالرز فی دن کے حساب سے رہائش کی رقم بھی شامل ہے۔

دوسری جانب کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پاکستان اسپورٹس بورڈ پاکستانی دستے کی کٹ اور بلیزر بھی نہیں دے گا، وہ بھی انھیں اپنے خرچ سے بنوانا ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔