پاک وِیلز آٹوموبائل انڈسٹری سروے 2017: ہونڈا سوک اور یاماہا YBR125G نے سال کے سب سے بڑے ایوارڈز اپنے نام کرلیے

 بدھ 13 جون 2018
35 فیصد مقامی مارکیٹ ٹویوٹا، 28 فیصد سوزوکی، 27 فیصد ہونڈا جبکہ 11 فیصد باقی آٹوموٹیو برانڈز کے پاس ہے۔ (فوٹو: پاک وِیلز)

35 فیصد مقامی مارکیٹ ٹویوٹا، 28 فیصد سوزوکی، 27 فیصد ہونڈا جبکہ 11 فیصد باقی آٹوموٹیو برانڈز کے پاس ہے۔ (فوٹو: پاک وِیلز)

 لاہور: پاک وِیلز ڈاٹ کام (PakWheels.com) اب کئی سال سے آٹوموبائل صنعت میں سروے کےلیے صف اول کا درجہ رکھتی ہے؛ یہ صارفین کی رائے اکٹھی کر رہا ہے اور آٹو سیکٹر میں رحجانات کی پیش بینی کرنے اور مقامی صارفین کے رویّے اور مختلف برانڈز کے بارے میں ان کی سوچ کے بارے میں جاننے میں مدد دے رہا ہے۔ 2017 میں PakWheels.com نے ایک مرتبہ پھر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے تعاون سے آٹوموبائل انڈسٹری سروے کیا۔ ملک بھر سے کل 19,155 جوابات جمع کیے گئے جو اسے اپنی قسم کے نمایاں ترین سرویز میں سے ایک بناتے ہیں۔

مجموعی طور پر سروے دو اہم حصوں میں تقسیم ہے: پہلے حصے میں کاروں کے صارفین سے اپنی خریداری ترجیحات، اپنی گاڑیوں کے بارے میں رائے، اپنے ترجیحی برانڈ اور ان عوامل کے بارے میں مختلف سوالات پوچھے گئے جو ان کےلیے گاڑی خریدنے کے حوالے سے اہم تھے۔ دوسرے حصے میں ایسے ہی سوالات موٹرسائیکل صارفین سے کیے گئے تھے۔

سروے کے مطابق 35 فیصد مقامی مارکیٹ پر ٹویوٹا کا غلبہ ہے، 28 فیصد سوزوکی، 27 فیصد ہونڈا جبکہ 11 فیصد باقی آٹوموٹو برانڈز کے پاس ہے۔ اگر ہم ان اعداد و شمار کا تقابل پچھلے سرویز سے کریں تو فرق بہت حیران کن ہے۔ گزشتہ سروے میں سوزوکی 33 فیصد مارکیٹ شیئر کے ساتھ سرفہرست تھا، ٹویوٹا 31 فیصد کے ساتھ تھا، ہونڈا کے پاس 25 فیصد مارکیٹ تھی جبکہ 11 فیصد پر دیگر برانڈز کا غلبہ تھا۔ جہاں تک موٹرسائیکلوں کی مارکیٹ کا تعلق ہے تو اس پر ہونڈا چھایا ہوا ہے۔ 56 فیصد مارکیٹ پر ہونڈا کا غلبہ ہے جبکہ یاماہا 7 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا ہے اور سوزوکی 6 فیصد جبکہ روڈ پرنس 3 فیصد مارکیٹ شیئر کا حامل ہے اور 28 فیصد موٹرسائیکل مارکیٹ پر دیگر برانڈز کا قبضہ ہے۔

سروے کے مطابق 74 فیصد جوابات دینے والوں نے کہا کہ وہ ڈرائیونگ لائسنس رکھتے ہیں اور 19 فیصد نے کہا کہ ان کے پاس لائسنس نہیں جبکہ 5 فیصد نے بتایا کہ ان کے لائسنس کی میعاد پوری ہوچکی ہے اور 2 فیصد کا کہنا تھا کہ ان کا لائسنس کھو چکا ہے۔ 21 سال سے کم عمر جواب دینے والوں میں 60 فیصد کے پاس لائسنس نہیں ہے۔ آگے بڑھیں تو 58 فیصد جواب دینے والوں نے کہا کہ انہوں نے استعمال شدہ گاڑی خریدی، جبکہ 38 فیصد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بالکل نئی کار خریدی۔ 63 فیصد موٹرسائیکل سواروں/ مالکان نے کہا کہ انہوں نے نئی موٹرسائیکل خریدی جبکہ 33 فیصد جواب دینے والوں نے کہا کہ انہوں نے استعمال شدہ موٹرسائیکل لی۔

کل جواب دینے والوں میں سے 75 فیصد نے کہا کہ انہوں نے گاڑی خریدنے پر 20 لاکھ روپے سے کم خرچ کیے۔ اگر 2017 آٹو سروے کے نتائج کا تقابل پچھلے آٹو انڈسٹری سروے سے کریں تو نتیجہ حوصلہ افزاء ہے۔ گزشتہ سروے میں 20 لاکھ روپے سے کم قیمت کی گاڑی خریدنے کا انتخاب کرنے والے عوام 81 فیصد تھے؛ اور جہاں تک موٹرسائیکل صارفین/ مالکان کا تعلق ہے تو 82 فیصد صارفین/ مالکان نے کہا کہ انہوں نے موٹر سائیکل خریدنے پر 100,000 روپے سے کم رقم خرچ کی۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ 70سی سی موٹرسائیکل کا شعبہ اب بھی مارکیٹ پر غالب ہے اور تیزی سے آگے بھی بڑھ رہا ہے۔

کاروں اور موٹرسائیکلوں، دونوں کے صارفین نے گاڑی خریدنے ہوئے کارکردگی اور حفاظتی خصوصیات کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔ یہ بلاشبہ حوصلہ افزاء نتیجہ ہے اگر ہم اس کا موازنہ پچھلے سروے سے کریں کہ جب کار مالکان نے گاڑی خریدتے ہوئے حفاظتی خصوصیات کو سب سے کم اہمیت دی تھی۔ مزید برأں، سروے کے مطابق 20 فیصد شرکاء نے کہا کہ انہوں نے گاڑی کار فائنانسنگ کے ذریعے خریدی، جبکہ 28 فیصد جواب دینے والوں نے کہا کہ ان کے پاس کار انشورنس ہے۔ گزشتہ آٹو سروے میں تمام جواب دینے والوں میں سے 25 فیصد نے کہا تھا کہ ان کے پاس کار انشورنس ہے۔ اس کا واضح مطلب ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کار انشورنس کا انتخاب کررہے ہیں۔

جوابات جمع کرنے کے بعد مختلف آٹو موبائل اداروں کو متعلقہ زمروں میں فاتح قرار دیا گیا جیسا کہ موٹر آئلز، انشورنس کمپنیاں، کار ٹریکنگ کمپنیاں، ٹائر بنانے والے، بیٹری ساز ادارے اور ریڈیو چینلز وغیرہ۔

یہ ان گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور آٹوموٹو برانڈز کی فہرست ہے جو PakWheels.com آٹو موبائل سروے 2017 کے مطابق فاتحین کے طور پر ابھرے:

سال کی بہترین کار: ہونڈا سوک

سال کی بہترین موٹرسائیکل: یاماہا YBR 125G

جیتنے والے دیگر برانڈز اور ادارے درج ذیل ہیں:

سب سے مشہور فیول کمپنی: PSO (گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں، دونوں کے صارفین نے PSO کے حق میں جوابات دیے)

سب سے مشہور مقامی کار ٹائر کمپنی: General Tyres

سب سے مشہور رائیڈ ہیلنگ سروس: Careem

سب سے مشہور بینک (روایتی): Bank Alfalah

سب سے مشہور کار ٹریکنگ کمپنی: TPL Trakker

سب سے مشہور موٹربائیک انجن آئل کمپنی: Caltex

PakWheels.com تمام فاتحین کو مبارکباد دیتا ہے اور امید کرتا ہے کہ مستقبل میں اپنے آٹوموبائل انڈسٹری سرو‎یز کے ساتھ آٹو انڈسٹری کے بارے میں مزید حقائق سامنے لاتا رہے گا۔

مکمل رپورٹ اور اعزازات جیتنے والوں کی مکمل فہرست کے لیے درج ذیل لنک پر کلک کیجیے:

PakWheels.com آٹوموبائل انڈسٹری سروے 2017ء رپورٹ اور ایوارڈز

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔