پاک بحریہ کا سمندر میں ریسکیو آپریشن، ایرانی کشتی کے 11افراد بچالیے

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسی  اتوار 10 جون 2018
کراچی سے 230کلومیٹردورسمندرمیں پاک بحریہ نے ڈیڑھ گھنٹے آپریشن کے بعدعملے کوبچالیا۔ فوٹو: آئی این پی

کراچی سے 230کلومیٹردورسمندرمیں پاک بحریہ نے ڈیڑھ گھنٹے آپریشن کے بعدعملے کوبچالیا۔ فوٹو: آئی این پی

اسلام آباد: پاک بحریہ کے سی کنگ ہیلی کاپٹرزنے کراچی سے230کلومیٹر دورکھلے سمندرمیں ریسکیو آپریشن کے دوران ایرانی کشتی کے عملے کے 11 افراد کو ڈوبنے سے بچالیا اور طبی امداد بھی فراہم کی۔

ترجمان پاک بحریہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق الرحمانی نامی ایرانی کشتی کے سمندرمیںڈوبنے سے عملے کے 11 افراد شدید مشکلات کا شکار تھے،پاک بحریہ نے اطلاع ملنے پر فوراً ریسکیو آپریشن کاآغاز کیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میںپاک بحریہ کے جہاز پی این ایس نصراور02 سی کنگ ہیلی کاپٹرزنے حصہ لیا،نامساعد حالات کے باوجودپاک بحریہ کی ریسکیو ٹیم نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن مکمل کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران کشتی کے عملے کو ریسکیو کر کے پاکستان نیوی ایئربیس کراچی پہنچایاگیا اورایرانی کشتی کے عملے کووطن واپس بھیجنے کے لیے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔