نیلی آنکھوں والی بلی فٹبال ورلڈ کپ مقابلوں میں نجومی کے فرائض انجام دے گی

ویب ڈیسک  اتوار 10 جون 2018
نیلی آنکھوں والی ایچلز نامی بلی پیدائشی طور پر بہری ہے (فوٹو : سوشل میڈیا)

نیلی آنکھوں والی ایچلز نامی بلی پیدائشی طور پر بہری ہے (فوٹو : سوشل میڈیا)

ماسکو: روس میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے میچز کی پیش گوئی کرنے کے لیے ’ایچلز‘ نامی بلی کا انتخاب کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کے ہر میچ کے آغاز سے قبل کون سی ٹیم فاتح ہو گی اور کون سی ٹیم شکست سے دوچار ہوگی اس بات کی پیش گوئی کرانے کے لیے اس سال کسی آکٹوپس کے بجائے ایک نیلی آنکھوں والی بلی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نیلی آنکھوں سے مستقبل کا حال دیکھنے والی بلی نے گزشتہ برس کنفیڈریشن کپ میں 4 میں سے 3 میچوں کی درست پیش گوئی کی تھی۔

ایچلز نامی یہ بلی سینٹ پیٹرز برگ کے مشہور ہرمیٹاج میوزم میں رہتی ہے اور پیدائشی طور پر سماعت سے محروم ہے تاہم گزشتہ برس فٹبال مقابلوں کی درست پیش گوئی کرنے کے سبب اس بلی نے کافی شہرت حاصل کرلی تھی جس کی وجہ سے اس بار فٹبال ورلڈکپ کی پیش گوئی بھی یہی بلی کرے گی۔ ایچلز کے سامنے ٹیموں کے پرچم والے کھانے کے 2 پیالے رکھے جاتے ہیں۔ ایچلز ان میں سے جس ایک پیالے کو کھانے کے لیے منتخب کرتی ہے عمومی طور پر وہی ٹیم فتح یاب ہوتی ہے۔

شائقین فٹبال کو بے چینی سے انتظار ہے کہ کنفیڈریشن کپ کے مقابلوں کی درست پیش گوئی کرنے والی ایچلز کیا دنیائے کھیل کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ فٹبال ورلڈ کپ 2018ء کے مقابلوں کی بھی درست پیش گوئی کرپائے گی؟

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔