ڈنمارک میں چمگادڑ دوست اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب

ویب ڈیسک  پير 11 جون 2018
ڈنمارک کے ایک شہر میں چمگادڑوں کے لیے سرخ اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں۔ فوٹو: نیواٹلس

ڈنمارک کے ایک شہر میں چمگادڑوں کے لیے سرخ اسٹریٹ لائٹس لگائی گئی ہیں۔ فوٹو: نیواٹلس

کوپن ہیگن: ڈنمارک کے ایک شہر زیودوک نائیکوپ میں عوام نے ایسی اسٹریٹ لائٹس نصب کی ہیں جو چمگادڑوں کی حرکات پر اثر انداز نہیں ہوتیں اور عام روشنیوں کے برخلاف یہ روشنیاں جانور دوست بھی ہیں۔

ایک سال قبل فلپس کمپنی نے ڈنمارک کے ایک سروے میں کہا تھا کہ خاص طور پر تیار کردہ سرخ ایل ای ڈی لائٹس چمگادڑوں کے برتاؤ اور اڑان پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالتیں اور انہیں ان روشنیوں سے کوئی مشکل پیش نہیں آتی۔

چمگادڑوں کی کئی اقسام مکمل اندھیرے پر انحصار کرتی ہیں وہ سڑک پر پیلی سوڈیم روشنیوں اور سفید ایل ای ڈی سے دور بھاگتی ہیں۔ اس طرح انہیں اڑنے اور شکار کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ دوسری جانب چھوٹے کیڑے روشنیوں کے گرد جمع رہتے ہیں اور چمگادڑیں وہاں سے دور رہتے ہوئے بھوکی رہتی ہیں اور ان کی آبادی بھی کم ہوسکتی ہے۔ چمگادڑوں کی آبادی کم ہونے سے قدرتی توازن متاثر ہوسکتا ہے اور یوں کیڑے مکوڑوں کی تعداد توقع سے بھی بڑھ جاتی ہے۔

اس نازک توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے فلپس کمپنی نے 2017ء میں ایک تجربہ کیا تھا جو ہالینڈ کی مشہور جامعات کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ اس میں کھمبوں مپر سفید، سرخ اور سبز ایل ای ڈی روشنیاں لگائی گئی تھیں۔ تینوں رنگوں کی روشنیاں اسی شدت پر تھیں جو ملک میں استعمال ہورہی ہیں۔

معلوم ہوا کہ چمگا دڑوں کو سرخ روشنیوں سے کوئی فرق نہیں پڑا اور وہ معمول کے تحت پرواز کرتی رہیں جبکہ سبز اور سفید روشنیوں سے انہیں تکلیف ہوئی۔ اس طرح سرخ روشنی کی طول موج (ویولینتھ) سے ان جانوروں کو کوئی الجھن نہیں ہوئی۔

زیودوک نائیکوپ کا علاقہ نایاب چمگادڑوں کا مسکن ہے جن کی بقا ماحولیاتی توازن کے لیے بہت ضروری ہے اور اسی بنا پر اب یہاں ماحول دوست سرخ روشنیاں لگائی گئی ہیں۔ اب 89 ہاؤس سسٹین ایبل ہاؤسنگ کے نام سے اس پروجیکٹ کا آغاز ہوچکا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔