ایکٹنگ میرا جنون ہے اس لیے ہمیشہ اپنے کرداروں سے انصاف کرتی ہوں، عظمیٰ حسن

قیصر افتخار  پير 11 جون 2018
کیرئیرمیںٹی وی، تھیٹراورفلم کے شعبوں میں کام کرتی رہوں گی،انڈیا کے تھیٹرمیں پرفارم کرچکی ہوں،’’ایکسپریس‘‘ کوانٹرویو۔ فوٹو : فائل

کیرئیرمیںٹی وی، تھیٹراورفلم کے شعبوں میں کام کرتی رہوں گی،انڈیا کے تھیٹرمیں پرفارم کرچکی ہوں،’’ایکسپریس‘‘ کوانٹرویو۔ فوٹو : فائل

لاہور: معروف اداکارہ وماڈل عظمیٰ حسن نے کہا ہے کہ ایکٹنگ میرا جنون ہے، اس لیے ہمیشہ اپنے کرداروں سے انصاف کرتی ہوں۔

’’ایکسپریس‘‘ کوخصوصی انٹرویودیتے ہوئے عظمیٰ حسن نے کہا کہ میرا تعلق ٹی وی اورتھیٹر سے ہے۔ میں نے ٹی وی اورتھیٹر پر بہت کام کیا اورکبھی سوچا بھی نہ تھا کہ کبھی فلم میں کام کرونگی، یہی نہیں یہ بھی کبھی خیال نہیں آیا تھا کہ ایک دن مجھے سپراسٹارشان کے ساتھ کام کرنے کاموقع ملے گا۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں ’’ارتھ ٹو‘‘ میں ایک اہم کردارادا کرنے کیلیے مجھ سے رابطہ کیا گیا۔

عظمیٰ حسن نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، کیونکہ فلم اورٹی وی، تھیٹرمیں خاصا فرق ہے۔ شان نے بڑی رہنمائی کی اوراسی لیے میں اچھا کام کرپائی۔ انھوں نے کہا کہ میں اپنے کیرئیرمیں سب کچھ کرنا چاہتی ہوں۔

اداکارہ نے کہا کہ ٹی وی، تھیٹراورفلم کے شعبوں میں کام کرتی رہوں گی اوراس کے علاوہ تکنیکی شعبوں میں بھی قسمت آزمائوں گی۔ اس کی بڑی وجہ شان ہی ہیں جن کے کام کرنے کے اندازنے مجھے بہت متاثرکیا ہے۔ ان کودیکھ کرمجھے یوں محسوس ہوتا ہے کہ اس شعبے سے وابستہ ایک فنکارکوتمام تکنیکی کام بھی آنے چاہئیں، تاکہ وہ بہترانداز سے اپنا کام مکمل کرسکے۔

ایک سوال کے جواب میں عظمیٰ حسن نے بتایا کہ میں انڈیا میں تھیٹرمیں پرفارم کرچکی ہوں۔ جہاں تک بات آئندہ فلموں میں کام کرنے کی ہے تومیں سلوراسکرین پرکام کرنا چاہتی ہوں لیکن میں ایسا کوئی کام نہیں کرونگی جوبدنامی کا باعث بنے۔ ایکٹنگ میرا جنون ہے، اس لیے ہمیشہ اپنے کرداروں سے انصاف کرتی ہوں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔