الفطیم رینالٹ پاکستان میں گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ کرے گی

خصوصی رپورٹر  بدھ 13 جون 2018
50ہزارگاڑیوں کی صلاحیت کاحامل عالمی معیار کاپلانٹ تعمیر کیا جائے گا

50ہزارگاڑیوں کی صلاحیت کاحامل عالمی معیار کاپلانٹ تعمیر کیا جائے گا

 اسلام آباد: آٹومینوفیکچرنگ کمپنی الفطیم نے پاکستان میں رینالٹ گاڑیوں کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے الفطیم رینالٹ پاکستان نے فیصل آباد میں پاکستان کے بڑے اسپیشل اکنامک زون ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں صنعتی زمین حاصل کرلی ہے جہاں عالمی معیار کا پلانٹ تعمیر کیا جائے گا۔

اس ضمن میں گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رینالٹ گاڑیوں کو تیار کرنے والے پلانٹ کے لیے فیصل آباد میں انڈسٹریل زمین حاصل کرلی گئی ہے، الفطیم رینالٹ پاکستان فیصل آباد میں پاکستان کے سب سے بڑے اسپیشل اکنامک زون ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں عالمی معیار کا پلانٹ تعمیر کرے گا۔

اس حوالے سے الفطیم آٹو موٹو انٹرنیشنل کے سینئر منیجنگ ڈائریکٹر کولن کورڈری نے کہا کہ الفطیم پاکستانی مارکیٹ اور اس منصوبے سے مکمل طور پر وابستہ ہے، ہم گروپ رینالٹ کے ساتھ انڈسٹریل زمین کو حاصل کرنے پر بہت مسرت محسوس کررہے ہیں کیونکہ اس منصوبے کے لیے زمین کا حصول اہم سنگ میل ہے، اسمبلی پلانٹ کے لیے بہتر جگہ کا انتخاب اہم مرحلہ ہوتا ہے اور اب جب ہم زمین حاصل کرچکے تو ہماری کوشش ہوگی کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے ساتھ کام کریں تاکہ یہاں عالمی معیار کا پلانٹ قائم کیا جاسکے، اس منصوبے کے ذریعے پاکستان میں قیمتی غیر ملکی زرمبادلہ آئے گا جو پاکستانی معیشت کے لیے مثبت ثابت ہوگااور یہاں روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔

رینالٹ کے سینئر نائب صدر اور چیئر مین برائے افریقہ مشرق وسطی اور ہندوستان ریجن، فیبرس کیمبولیو نے اس موقع پر کہا کہ یہ اہم موقع ہے کہ ہم پاکستان میں زمین حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے کیونکہ اس زمین پر پلانٹ قائم کرنے کے بعد پاکستانی صارفین کو عالمی معیار کی رینالٹ گاڑیاں فراہم کرسکیں گے، ہم پلانٹ کی تعمیر کے لیے حکومت پاکستان ، فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی اور مقامی حکومتوں کے تعاون کی امید کرتے ہیں تاکہ پاکستان میں رینالٹ جیسے عالمی شہرت یافتہ برانڈ کا پلانٹ قائم ہو منصوبے کے ڈیزائن اور پری انجینئرنگ پر کام جاری ہے اور سائٹ پر عملی کام کا جلد آغاز ہوجائے گا، منصوبے پر باضابطہ تعمیراتی کام مکمل ہوجانے کے بعد اسٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ میں سالانہ 50ہزار گاڑیوں کو تیار کرنے کی صلاحیت ہوگی، الفطیم اور رینالٹ کو توقع ہے کہ 2020 میں پلانٹ سے پیداوار شروع ہوجائے گی۔

الفطیم رینالٹ پاکستان پروجیکٹ کے لیے اب اگلا مرحلہ ملک بھر میں ڈیلرشپ کے نیٹ ورک کو قائم کرنا ہے جس کے ذریعے صارفین کو عالمی برانڈ کی گاڑیاں فروخت کے لیے پیش کی جائیں گی۔ الفطیم رینالٹ پاکستان پروجیکٹ کے سی ای او یاسر علوی نے کہا کہ رینالٹ برانڈ محفوظ اور معیاری گاڑیوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے اور ہمیں اعلیٰ معیار پاکستان میں بھی لائیں گے، ہم یورپ کی جدیدترین ٹیکنالوجی پاکستان میں متعارف کرائیں گے اور ماڈرن ڈسٹری بیوشن اور ڈیلر شپ نیٹ ورک قائم کریں گے تاکہ ہمارے صارفین کو اعلیٰ اور منفرد تجربہ ہواور انہیں بہترین قسم کی سروس ملے، ہم برانڈ کی قدر میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے جس میں مقامی ضروریات کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا، الفطیم نے 29ممالک میں اپنے متفرق کاروباروں کی مد میں اعلیٰ صارفین سروس دے کر خود کو قابل اعتماد اور باصلاحیت کارپوریٹ ادارہ ثابت کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔