ہاکی پریکٹس میچ؛ ہالینڈ نے پاکستان کو2 گول سے زیرکرلیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 13 جون 2018
فاتح ٹیم کے نورکوتھ نے دونوں بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، ناکام سائیڈکا واحد گول علیم بلال کے نام رہا، 
فوٹو: سوشل میڈیا

فاتح ٹیم کے نورکوتھ نے دونوں بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، ناکام سائیڈکا واحد گول علیم بلال کے نام رہا، فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہاکی  پریکٹس میچ میں ہالینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے زیر کر لیا۔

فاتح ٹیم کے نورکوتھ میچ کے ہیرو قرار پائے، انھوں نے 2 بار گیند کو جال میں پھینک کر فتح اپنی ٹیم کی جھولی میں ڈالی، پاکستان کی طرف سے واحد گول علیم بلال نے کیا، پاکستان ہاکی ٹیم اپنا تیسرا پریکٹس میچ جمعرات کو آسٹریا کے خلاف کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق رواں ماہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم ان دنوں ہالینڈ کے شہر بریڈا میں موجود ہے اور وہاں کے خوشگوار موسم میں ٹریننگ کے ساتھ پریکٹس میچز کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف 23 جون کو مدمقابل ہوگی، 24 جون کوپاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، 26  جون کو گرین شرٹس  ہالینڈ کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، 28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کو بیلجیئم سے نبرد آزما ہوگی۔ میگا ایونٹ میں رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کریں گے۔

دوسرے پلیئرز میں عمران بٹ، مظہر عباس، امجد ، عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد بٹ، توثیق، راشد محمود، تصور عباس رضوان جونیئر، ابوبکر، عرفان جونیئر، رضوان جونیئر، شفقت ملک، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز اور رانا سہیل شامل ہیں۔پہلے پریکٹس میچ میں گرین شرٹس نے ہالینڈ کے لیڈن ہاکی کلب کے خلاف صفر کے مقابلے میں سات گول سے نتیجہ اپنے نام کیا تھا، ارسلان قادر گولز کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کرنے میں کامیاب رہے،دوسرے پریکٹس میچ میں پاکستانی ٹیم کو سنسنی خیز اور دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے ناکامی کا سامنا رہا۔ میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز اپنایا جس کی وجہ سے پہلے کوارٹر میںکوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی تاہم دوسرے کوارٹر کے ساتویں منٹ میں نورکوتھ ہالینڈ کی طرف سے پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئے، اس صورت حال کے بعد پاکستانی ٹیم نے دفاعی انداز ترک کر کے جارحانہ انداز اپنایا،  غیر ملکی کوچ رولینٹ اولٹمنز کی  یہ تدبیر خاصی کارگر بھی ثابت ہوئی اور گرین شرٹس علیم بلال کے ذریعے گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔

تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں بھر پور کوشش کے باوجود مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔چوتھے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا تاہم اس کوشش میں ہالینڈ کی ٹیم اس وقت کامیاب ہو گئی جب نورکوتھ نے دوسری  بار گیند کو جال کے اندر پھینک کر میچ کا  نتیجہ اپنی ٹیم کے حق میں کر دیا۔ پاکستان ٹیم تیسرا میچ آسٹریا کے خلاف کھیلے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ جمعرات کو رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق پریکٹس میچز کی وجہ سے نہ صرف کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع مل رہا ہے بلکہ پلیئرز کی خوبیوں اور خامیوں کو بھی جاننے میں مدد مل رہی ہے، عہدیداروں کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریاں درست سمت کی جانب بڑھ رہی ہے، میگا ایونٹ میں گرین شرٹس سے اچھی کارکردگی کے لیے پُرعزم ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔