یو اے ای میں ٹی 20 لیگز؛ پاکستان زیرمعاہدہ کرکٹرزریلیز نہیں کرے گا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 13 جون 2018
8 پی ایس ایل میچز ملک میں ہونگے، پلیئرزکے معاوضوں میں اضافے کی منظوری 
۔ فوٹو:فائل

8 پی ایس ایل میچز ملک میں ہونگے، پلیئرزکے معاوضوں میں اضافے کی منظوری ۔ فوٹو:فائل

 لاہور:  یو اے ای کرکٹ حکام سے تنازع کے بعد پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کو امارات میں ہونے والی کسی بھی ٹی20لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے۔

گذشتہ روز ہونے والی میٹنگ کے دوران پی ایس ایل میں شریک پلیئرزکے معاوضوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی، اگلے ایڈیشن کے کم ازکم 8میچز پاکستان میں ہوں گے، 5فرنچائزز نے تمام واجبات ادا کردیے، چھٹی نے وعدہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک عرصے سے پی سی بی نے یواے ای کو نیوٹرل وینیو کے طور پر اپنا رکھا ہے،نہ صرف کہ ہوم سیریز بلکہ پی ایس ایل کے بیشتر میچز بھی وہاں ہوتے رہے ہیں، مگر اب اماراتی حکام کا ٹی 10اور افغانی لیگ کی طرف رجحان بڑھتا جارہا ہے۔

انھیں ایشیا کپ کی میزبانی بھی مل چکی ہے، اس کے ساتھ یواے ای نے جنوری دسمبر میں اپنی لیگ کرانے کا پلان بنالیا، پاکستان کے میچز اور پی ایس ایل کی قدر کم کرنے والے ان اقدامات پر پی سی بی کی جانب سے تحفظات کا بار بار اظہار کیے جانے کے باوجود اماراتی کرکٹ بورڈ نے اپنے پروگرام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا، کوئی موزوں متبادل نیوٹرل وینیو میسر نہ ہونے کی وجہ سے پی سی بی نے فوری طور کوئی سخت قدم نہیں اٹھایا، البتہ اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلیے ایک فیصلہ ضرور کیاکہ پاکستان کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز یواے ای میں صرف پی ایس ایل کا حصہ بنیں گے۔

انھیں وہاں کسی دوسری ٹی20 لیگ میں شرکت کی اجازت نہیں ہوگی،گذشتہ روز چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی صدارت میں لاہور میں ہونے والی میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پی ایس ایل فور کے کم ازکم 8میچز پاکستان میں ہونگے، فرنچائزز کی مشاورت سے آئندہ ایڈیشن میں کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافے کی منظوری بھی دیدی گئی، میٹنگ میں یہ بھی بتایا گیاکہ 5 فرنچائزز نے اپنے تمام واجبات ادا کردیے ہیں، چھٹی ٹیم کی مینجمنٹ نے وعدہ کرلیاکہ مکمل ادائیگی جلد کردی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔