شرپسند شائقین فٹبال کیلیے سخت وارننگ جاری

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 13 جون 2018
گلیوں میں غل غپاڑہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ، سیکیورٹی چیف
 فوٹو: فائل

گلیوں میں غل غپاڑہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ، سیکیورٹی چیف فوٹو: فائل

ماسکو:  ورلڈ کپ سیکیورٹی چیف نے شرپسند شائقین کیلیے سخت وارننگ جاری کردی گلیوں میں غل غپاڑہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا الیکسی لاورشچیف نے خبردار کیا ہے کہ کسی نے پراپرٹی کو نقصان پہنچایا تو اس کو نہیں بخشیں گےبدمعاشوں کو بچانے والے ٹیکسی ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ سیکیورٹی آپریشن کے چیف الیکسی لاورشچیف نے دنیا بھر سے روس آنے والے شائقین کو خبردار کیاکہ اگر وہ میزبان شہروں کی گلیوں میں کسی بھی قسم کے لڑائی جھگڑے یا توڑ پھوڑ میں ملوث ہوئے تو انھیں نتائج بھی بھگتنا پڑیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شائقین کو گلیوں میں کسی بھی چیز کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہوسکتا ہے کہ ہم چھوٹی چیزوں پر آنکھیں بند کرلیں لیکن کوئی بھی بڑی حرکت ذمہ داروں کیلیے سخت سزا کا باعث بن سکتی ہے۔ یاد رہے کہ برطانوی پولیس پہلے سے ہی اپنے ملک کے ایسے شائقین پر روس کا سفر کرنے پر پابندی عائد کرچکی جو ماضی میں لڑائی جھگڑوں میں ملوث رہے ہیں۔

اس کے باوجود شراب کے نشے میں دھت ہوکر شائقین کی جانب سے غل غپاڑے کا امکان بدستور موجود ہے۔ لاورشچیف نے کہاکہ فتح اور شکست پر شائقین کی جانب سے معقول ردعمل تو قابل قبول ہے مگر اس کی آڑ میں کسی بھی چیز کو نقصان پہنچانے نہیں دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ انھوں نے ٹیکسی ڈرائیورز کو بھی خبردار کیا کہ اگر کسی بھی قسم کی غیرقانونی چیزوں میں ملوث شائقین کو انھوں نے موقع واردات سے بچالے جانے کی کوشش کی توان پر فراڈ کا چارج عائد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ منتظمین نے پہلے ہی میزبان شہروں کو یہ اختیار دے رکھا ہے کہ وہ اپنے ماحول کے حساب سے شراب پر پابندی کے بارے میں فیصلہ کرسکتے ہیں۔ روس میں دنیا بھر سے شائقین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ماسکو کے مرکزی ایئرپورٹ پر انھیں ڈیڑھ ڈیڑھ گھنٹے تک قطاروں میں کھڑا رہنا پڑرہا ہے، صرف یہی نہیں بلکہ میزبان شہروں میں بھی سیکیورٹی آپریشنز کا آغاز ہوچکا، بسوں کو روک کر مسافروں کو اپنے پاسپورٹس چیک کرانے کاکہا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔