ہتھیار ڈالنے والے81عسکریت پسندوں کی پاک فوج کے زیراہتمام اصلاحی تربیت مکمل

احتشام خان  بدھ 13 جون 2018
صباؤن اصلاحی سینٹر باڑه میں 81 تسلیم شده افراد کی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا فوٹو:احتشام خان

صباؤن اصلاحی سینٹر باڑه میں 81 تسلیم شده افراد کی پاسنگ آؤٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا فوٹو:احتشام خان

خیبر ایجنسی: ہتھیار ڈالنے والے 81 عسکریت پسندوں نے پاک فوج کے زیر اہتمام صباؤن سینٹر میں اصلاحی تربیت مکمل کر لی۔

وادی تیراه اور باڑه سمیت خیبر ایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسند تنظیموں سے ماضی میں تعلق رکھنےوالے 81 افراد نے صباؤن  اصلاحی سینٹر میں اصلاحی تربیت مکمل کرلی، دوران تربیت انہیں ٹیلرنگ، ویلڈنگ اور کمپیوٹر سمیت دیگر شعبوں کی تربیت دی گئی۔ اصلاحی تقریب مکمل ہونے پرصباؤن اصلاحی سینٹرمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں قبائلی مشران، پولیٹیکل ایجنٹ خیبر ایجنسی کیپٹن (ر) اسلام زیب اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی آئی جی ایف سی نارتھ ریجن میجر جنرل وسیم اشرف تھے۔

تقریب میں ہتھیار پھینک کر قلم اٹھانے والے 81 تسلیم شده افراد نے آئنده کسی بھی قسم کی شدت پسندی سے دور رہنے اور معاشرے کے لیے مفید شہری بننے کا حلف لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل وسیم اشرف نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کو کا میاب نہیں ہونے دیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قبائل اور خیبر پختونخوا کی عوام نے بہت قربانیاں دیں۔ دشمن جنگ سے ہٹ کر دیگر حربے استعمال کرنے لگا ہے جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے،آج بہت خوشی کا دن ہے کہ ماضی میں منفی سوچ رکھنے والے نوجوان آج بہتری اور ترقی کی طرف گامزن ہیں، صباؤن سینٹر کے اصلاحی پروگرام سے اب تک ایک ہزار سے زائد بھٹکے ہوئے افراد تربیت حاصل کر چکے ہیں جن میں 689 تسلیم شده افراد مفید شہری بن کر واپس اپنے گھروں کو جا کر نئے عزم کے ساتھ زندگی بسر کرنے لگے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔