برطانیہ میں مسلمانوں پر حملوں کے لیے اکسانے والا ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 13 جون 2018
ملزم کی گرفتارلنکولن شہر سے عمل  میں آئی، فوٹو:فائل

ملزم کی گرفتارلنکولن شہر سے عمل میں آئی، فوٹو:فائل

 لندن: برطانوی پولیس نے مسلمانوں پر حملوں کے لیے اکسانے کے الزام میں ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’مسلمانوں کو سزا دو‘ کے عنوان سے برطانیہ بھر میں اشتعال انگیز خط بھیجنے والے ایک مشتبہ ملزم کو برطانوی کاونٹرٹیررازم پولیس نے گرفتار کرلیا، ملزم کی گرفتاری شمالی برطانیہ کے شہرلنکولن سے عمل آئی۔

یہ بھی پڑھیں: برطانوی مسلمان ارکان پارلیمنٹ کو مشتبہ پارسل موصول

ابتدائی طور پر پولیس نے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی تاہم اس کی عمر 35 سال ہے اس سے تفتیش جاری ہے، کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے سربراہ مارٹن سنوڈن نے کہا کہ دھمکی آمیز خط کی ترسیل  کو برطانوی شہریوں اور مسلمان کمیونٹی کو تقسیم کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کا مقصد مسلمانوں کے خلاف جارحیت پر اکسانا تھا جب کہ مسلمان کمیونٹی  سمیت  دیگر کمیونٹیز نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے  نفرت انگیزی کے خلاف ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔

واضح رہے کہ 3 اپریل کو ’مسلم پنش ڈے‘ کے طور پر منانے کے لیے برطانیہ بھر میں اشتعال انگیز خط تقسیم کیے گئے جس میں مسلمانوں کو جانی و مالی نقصان پہنچانے کی صورت میں اس حملے کی نوعیت کے مطابق پوائنٹس رکھے گئے تھے۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔