فیفا ورلڈ کپ 2018؛ تمام ٹیمیں اور شائقین پرجوش

ایڈیٹوریل  جمعرات 14 جون 2018
اس سال فٹبال کے اس عظیم گیم کے ساتھ کئی دلچسپ خبریں بھی جڑی ہوئی ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

اس سال فٹبال کے اس عظیم گیم کے ساتھ کئی دلچسپ خبریں بھی جڑی ہوئی ہیں۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فیفا ورلڈ کپ 2018 کے میچز روس میں آج (جمعرات)سے شروع ہورہے ہیں جس کے کھیلوں میں حصہ لینے کے لیے صرف مختلف ممالک کی ٹیمیں ہی نہیں بلکہ شائقین فٹبال بھی نہایت پرجوش ہیں۔ اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ فٹبال کو دنیا کے نمبر ایک پسندیدہ کھیل کا درجہ حاصل ہے اور خاص کر فیفا ورلڈ کپ میں شائقین کا جوش دیدنی ہوتا ہے۔

روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور کھیل میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں روس پہنچ چکی ہیں جب کہ منچلوں کی ایک بڑی تعداد روس میں موجود ہے جب کہ دیگر ممالک سے بھی ایک سے ڈیڑھ ملین تک شائقین روس کا رخ کررہے ہیں، یہی نہیں بلکہ گھروں میں ٹیلی وژن اسکرین کے سامنے موجود تین ملین سے زائد شائقین فٹبال فیفا ورلڈ کپ میچز سے لطف اندوز ہونے کے لیے بے قرار ہیں۔

عالمی کپ کی افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشنل فٹ بال ٹیلسٹار 18 کی رونمائی بھی کردی گئی ہے جو کہ پاکستان میں تیار ہوئی۔ ابتدائی میچ روس اور سعودی عرب کے درمیان ہوگا۔

اس سال فٹبال کے اس عظیم گیم کے ساتھ کئی دلچسپ خبریں بھی جڑی ہوئی ہیں، شائقین کو یاد ہوگا کہ 2010 کے فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں جرمنی اور اسپین کی فتح کی پیشگوئی کرنے والے پال دی آکٹوپس کو بے پناہ شہرت حاصل ہوئی تھی، پیشگوئیوں کا یہ سلسلہ اس بار بھی جاری ہے لیکن اب آکٹوپس کی جگہ نیلی آنکھوں والی ایک روسی سفید بلی ’’ایکی لیز‘‘ نے لے لی ہے، آکٹوپس کو دو کھانے کے باکس دیے جاتے تھے اور وہ فاتح ٹیم کا فیصلہ کرتا تھا جب کہ ایکی لیز کو دو برتن پیش کیے جائیں گے، ان برتنوں پر ٹیم کا پرچم ہوگا، پیش گو بلی اپنی آنکھ کی روح سے صورتحال کا مشاہدہ کرکے فاتح ٹیم کا بتائے گی۔

ایک اور دلچسپ خبر یہ بھی ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے موقع پر 5 بار کے چیمپئن برازیل کے عوام نے بیزاری کا اظہار کیا ہے، مقامی طور پر ہونے والے سروے میں برازیل کی نصف سے زائد آبادی نے روس میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔ ایک اور خبر کے مطابق روسی حکومت نے ورلڈ کپ کے انتظامات پر 13 بلین ڈالرز خرچ کیے ہیں۔

صدر پوتن نے قومی ٹیم پر زور دیا ہے کہ وہ کچھ کر دکھائے، پوتن نے کہا کہ بدقسمتی سے روسی ٹیم نے حالیہ عرصہ میں کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کی۔ پیرو کی فٹبال ٹیم 36 برس بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شریک ہوگی۔ مصری فٹبالر محمد صلاح مصر کی امیدوں کا تارا ہیں۔ ورلڈ کپ میں کئی نامور اور عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کی شرکت شائقین کا جوش دوبالا کررہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔