فٹبال ورلڈکپ؛ کلوز 16 گولز کر کے سب سے آگے

میاں اصغر سلیمی  جمعرات 14 جون 2018
فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز  فرانس کے جسٹ فائونٹین کے پاس ہے۔ فوٹو : فائل

فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز فرانس کے جسٹ فائونٹین کے پاس ہے۔ فوٹو : فائل

بلاشبہ فٹبال کا شمار ان  چند مقبول کھیلوں میں ہوتا ہے جس کے کروڑوں چاہنے والے دنیا کے کونے کونے میں موجود ہیں، ورلڈ کپ کے دنوں میں تو فٹبال کے دیوانوں اور پروانوں کا جنون عروج تک پہنچ جاتا ہے۔

شائقین جہاں مقابلے بڑے جوش وخروش کے ساتھ دیکھتے ہیں وہاں ان کی نظریں گولز کرنے والے کھلاڑیوں پر بھی جمی رہتی ہیں۔کوئی بھی کھلاڑی جب گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینکنے میں کامیاب رہے تو اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔

اگر فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ پر ایک نظر دوڑائی جائے تو اب تک کے 20 ایڈیشنز کے دوران مجموعی طور پر 2300 گولز ہو چکے ہیں، عالمی کپ میں سب سے پہلے گول کرنے کا اعزاز فرنچ پلیئر لوسیئن لورینٹ کو حاصل ہے، انھوں نے یہ کارنامہ1930 میں سر انجام دیا تھا، 1200کھلاڑی ایسے ہیں جو گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینک کر اپنے پرستاروں سے بھر پور داد وصول کرچکے، 90کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو 5باریا اس سے بھی زیادہ بار گولز کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ابتدائی ایڈیشنز کے ٹاپ اسکورر ارجنٹائن کے گیلیمرموسٹیبلی نے8بار گیند کو گول پوسٹ کا راستہ دکھایا،ان کے بعد 22 کھلاڑی ایسے ہیں جنھوں نیاس سے کمگولز کیے، ہنگری کے سیندور کوکسس نے1954 کے ایڈیشن میں 7بار گیند کو جال میں پہنچایا، فرانس کے جسٹ فائونٹین نے صرف  6  مقابلوں میں 13گولز کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔

دنیائے فٹبال میں اس وقت تہلکہ میچ گیا جب  جرمنی کے گیرڈ ملر  نے 1970 کے عالمی کپ میں  10 جبکہ 1974 میں 14گول کر کے نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ان کا یہ عالمی ریکارڈ 3 عشرے تک قائم رہا،  برازیل کے رونالڈو  نے  1998اور 2006 میں مجموعی طور پر15گولز کر کے سب سے زیادہ بار گیند جال میں پہنچانے کا عالمی ریکارڈ اپنے  نام کیا۔ رونالڈو کا یہ ریکارڈ بھی اس وقت پاش پاش ہو گیا جب جرمنی کے میروسلاف کلوز  نے 2002 سے  2014 کے عرصے میں  16گولز کرکے شائقین کے دل موہ لیے،صرف 2 کھلاڑی ایسے ہیں۔

جنھوں نے  10 سے زیادہ گولز کیے۔پیلے نے  1958سے 1970 میں12اور جورجن کلنسمین نے 1990 سے1998 کے دوران  11 گول کیے۔ ٹاپ 90گول اسکوررز کا تعلق  دنیا کے مختلف 30 ممالک سے رہا، ان  میں  13 برازیل اور 14 مشرقی و مغربی جرمنی  سے تھے،60  ٹاپ فٹبالرز  میں26کا جنوبی امریکا اور 4 کا تعلق کیمرون، گھانا ، آسٹریلیا اور امریکا سے تھا۔فائوٹین کو ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 13گولز کرنے کا اعزاز حاصل ہے، انھوں نے یہ کارنامہ 1958 میں انجام دیا تھا۔ان کے قریب رہنے والے کھلاڑی کوکسس نے 1954 میں 11 گولز کیے، سب سے کم گولز  1962 میں بنے جب6 کھلاڑی صرف 4،4 گولز ہی کر سکے۔ اب تک 90 کھلاڑیوں کو 5 یا اس سے زیادہ  بار گولز کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

ان میں جرمنی کے میروسلاو کلوز 16 گولز کے ساتھ سرفہرست ہیں، انہوں نے یہ کارنامہ 2002،2006،  2010 اور 2014کے عالمی کپ کے 24 میچوں کے  دوران انجام دیا، برازیل کے رونالڈو  15 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر  پر ہیں، انھوں نے  1994،1998،  2002 اور2006ورلڈ کپ کے  19 میچوں میں یہ گولز کیے۔ویسٹ جرمنی کے گیرڈملر  14گولز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے  1970اور 1974کے ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔فرانس کے جسٹ فائونٹین  13گولز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، اسی طرح برازیل کے پیلے 12گولز کے ساتھ پانچویں، ہنگری کے سندورکوکسس اورجرمنی  کے جرگن کلنسمین بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں سب سے زیادہ گولز کرنے کا اعزاز  فرانس کے جسٹ فائونٹین کے پاس ہے، انھوں نے  صرف 6 میچوں میں 13بار گیند کو گول پوسٹ کے اندر پھینکا، ہنگری کے سندور کوکسس 11گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں،  ویسٹ جرمنی کے گیرڈ ملر  10گولز کے ساتھ  تیسرے پوزیشن پر براجمان ہیں، پرتگال کے یوسیبیو 9گولز کے ساتھ چوتھے جبکہ ارجنٹائن کے سٹیبلی اور برازیل کے ایڈمیر 8 ، 8گولز کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں۔اب شائقین ایک بار پھر روس میں شیڈول ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے لیے  بے تاب ہیں، تماشائیوں کی توجہ ان میچز میں ہونے والے گولز پرہوگی۔ دیکھنا یہ ہے کہ اس بار دنیا کا کون سا کھلاڑی سب سے زیادہ گول کر کے پرستاروں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔