میری فلم ’’وجود‘‘ عیدالفطر کا سب سے بہترین تحفہ ثابت ہوگی، سعیدہ امتیاز

قیصر افتخار  جمعرات 14 جون 2018
تمام بڑے فنکاروں کیساتھ کام کیا تومجھے اندازہ ہوا کہ کتنے بڑے ہیں، فنکاروں کی موجودگی نے مجھے ’’وجود‘‘ کا اہم حصہ بنایا، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

تمام بڑے فنکاروں کیساتھ کام کیا تومجھے اندازہ ہوا کہ کتنے بڑے ہیں، فنکاروں کی موجودگی نے مجھے ’’وجود‘‘ کا اہم حصہ بنایا، اداکارہ۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  اداکارہ وماڈل سعیدہ امتیازنے کہا ہے کہ میری فلم ’’وجود‘‘  کہانی، میوزک، لوکیشنز اور عظیم فنکاروں کے سنگم کے ساتھ فلم بینوں کیلیے عیدالفطر کا سب سے بہترین تحفہ ثابت ہوگی۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے سعیدہ امتیاز نے کہا کہ عیدالفطر کا تہوارامت مسلمہ کیلیے ہمیشہ ہی خوشیاں لاتا ہے لیکن ان خوشیوں کا مزہ اس وقت دوبالا ہوجاتا ہے جب لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ سینما گھروں کا رخ کرتے ہیں اوروہاں دلچسپ فلمیں دیکھتے ہیں۔ اس مرتبہ حکومت پاکستان  کی جانب سے پاکستانی فلم کی سپورٹ کیلیے غیرملکی فلموں کو عیدپرنمائش کیلیے اجازت نہ ملنا بھی بہترین اقدام ہے، جس کا سب کوفائدہ پہنچے گا۔

سعیدہ امتیاز نے کہا کہ ویسے تومیں نے فلم ’’ وجود ‘‘ میں مرکزی کردارنبھایا ہے لیکن میں اپنی فلم کے ساتھ ساتھ عید پر ریلیز ہونے والی تمام فلموں کیلیے دعا گو ہوں کیونکہ اس وقت ہمیں آپسی مقابلے کی نہیں بلکہ ایک دوسرے کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جاوید شیخ، ندیم  اورشاہد جیسے عظیم فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا کبھی سوچا نہ تھا لیکن جب ان تمام بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا تومجھے اندازہ ہوا کہ یہ کتنے بڑے فنکار ہے۔ ڈائیلاگ کی ادائیگی اورکیمرے کی آنکھ میں آنکھ ڈال کربولنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن ان تمام فنکاروں کی موجودگی نے مجھے ’’وجود‘‘ کا اہم حصہ بنایا اورمیں اپنے چاہنے والوں سے کہوں گی کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ ہماری فلم ضرور دیکھیں۔

ایک سوال کے جواب میں سعید امتیاز نے کہا کہ دانش تیمورایک مکمل ہیروکا پیکج ہیں۔ وہ جتنی اچھی اداکاری کرتے ہیں، اتنا ہی اچھا رقص بھی کرتے ہیں۔ اس لیے میرا ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ جہاں تک بات عید دنگل میں جیت کی ہے تومجھ سمیت فلم کی کاسٹ اورٹیم میں شامل تمام لوگوں کی ایک ہی کوشش تھی کہ ایک اچھی فلم بنائیں اورشائقین کوانٹرٹین کریں۔ باقی فیصلہ توعوام کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔