اسکینڈل سے کوئی خطرہ نہیں، میرے خلاف جو ہو رہا ہے اس کے پیچھے ن لیگ ہے، عمران خان

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  جمعرات 14 جون 2018
متنازع ٹکٹوں کا معاملہ دیکھ رہے ہیں،نظام بدلنا ہے تواقتدار میں آنا ضروری ہے،وڈیو پیغام۔ فوٹو : فائل

متنازع ٹکٹوں کا معاملہ دیکھ رہے ہیں،نظام بدلنا ہے تواقتدار میں آنا ضروری ہے،وڈیو پیغام۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے خلاف جو بھی کیا جا رہا ہے اس کے پیچھے (ن) لیگ ہے اور انہیں کسی اسکینڈل سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم وڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں انھوں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مطمئن ہوں، 90 فیصد ٹکٹ متنازع نہیں ہیں جو10 فیصد متنازع ہیں ان کو دیکھ رہے ہیں دوروز بعد متنازع ٹکٹوں کو ریویو کیا جا رہا ہے، کسی کیساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے، کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، ملک میں نظام بدلنا ہے تو اقتدار میں آنا ضروری ہے، اقتدار میں تب آئیں گے جب ہم اچھے امیدوار لائیں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا افتخار محمد جوہدری نے2013 میں (ن) لیگ کو جتوایا، آر اوز کو کنٹرول کرکے دھاندلی کروائی گی، میرے خلاف جو بھی کیا جا رہا ہے اس کے پیچھے (ن) لیگ ہے، عمران خان نے کہاکہ تحریک انصاف کو کسی اسکینڈل سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ مدینہ شریف میں احترام کی وجہ سے جوتے نہیں پہنے، روضہ رسولؐ پر حاضری دینے سے دلی سکون ملتا ہے، عمران خان اور ان کی ہلیہ بشریٰ نے عمرہ کی سعادت حاصل کرلی، انھوں نے روضہ رسول ؐ پر حاضری دی اور ملک کے لیے دعا کی بعد ازاں عمران خان نے اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ عمرہ ادا کیا ہے، عمران خان نے سعودی شاہی مہمان خانے قصرالصفا میں قیام کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔