مستحکم معیشت اور مضبوط پاکستان مشن ہے، آصف زرداری

نمائندہ ایکسپریس  جمعرات 14 جون 2018
پیپلزپارٹی الیکشن کے لیے میدان ہے ،سابق صدرکا افطارڈنرمیں خطاب،جیالوں کی ملاقات۔ فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی الیکشن کے لیے میدان ہے ،سابق صدرکا افطارڈنرمیں خطاب،جیالوں کی ملاقات۔ فوٹو: فائل

 لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ معاشی طور مضبوط اور مستحکم پاکستان ہمارا مشن ہے۔

ممتازکاروباری شخصیت اور ایپٹما کے سابق چیئرمین گوہر اعجاز کی طرف سے  افطار ڈنر میں شرکت کے دوران گفتگوکرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ٹیکسٹائل کے شعبے کی حوصلہ افزائی اور بھرپور کوشش کی کہ پاکستان کی مصنوعات عالمی منڈی میں بھی میسر ہوں۔

سابق صدر نے کہا کہ عالمی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران صرف اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کو عالمی منڈی تک رسائی میں مددکریں۔ آصف زرداری نے کہاکہ  پیپلز پارٹی انتخابات کے میدان  میں ہے اگرعوام نے مینڈیٹ دیا اور پیپلز پارٹی اقتدار میں آئی توصنعتکار اور بزنس مینوں کی  حوصلہ افزائی کریگی۔انھوں نے کہا کہ معاشی طور مضبوط اور مستحکم پاکستان ہمارا مشن ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقتصادی راہداری دی اس کا خاکہ دیا اس خاکہ کے تحت نیک نیتی سے کام کرنے سے پاکستان اقتصادی طور مضبوط ہوگا۔یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں ایپٹما کے سابق چیئرمین اور کاروباری شخصیت  گوہراعجاز نے افطار پارٹی دی، سابق وفاقی وزیر مخدوم فیصل صالح حیات بھی اس موقع پر موجود تھے۔وہ  گوہراعجاز کی رہائش گاہ  پرگئے۔ اس موقع پر ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔

علاوہ ازیں بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی لاہور کے جیالے مانی پہلوان اور عارف خان  نے بھی سابق صدرآصف زرداری سے ملاقات کی اور پارٹی امور پر بات چیت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔