الیکشن کمیشن کا اجلاس؛ بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
اجلاس میں انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال پر غور کیاجارہا ہے فوٹو:فائل

اجلاس میں انتخابات کے دوران امن و امان کی صورتحال پر غور کیاجارہا ہے فوٹو:فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کے لیے فوج کی نگرانی میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل کا فیصلہ کیاہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں آئندہ عام انتخابات کی سیکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی اور صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارت داخلہ اور دفاع کے حکام کے علاوہ چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے آئی جی پیزنے شرکت کی۔

اجلاس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی پاک فوج کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیاگیا جب کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی فوج کی زیر نگرانی ہوگی۔ فوج سیکیورٹی پرنٹنگ پریس، پرنٹنگ کارپوریشن اور پوسٹل فاؤنڈیشن پرنٹنگ پریس پر تعینات ہو گی۔

اجلاس کے دوران صوبائی الیکشن کمشنرز نے پولنگ اسٹیشنز کے متعلق رپورٹ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کر دی، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پولنگ اسٹیشن کی سیکیورٹی پر پولیس اور رینجرز کے دستے مامور ہوں گے،  حساس اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز تعینات ہوگی،  حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر تین سے چار سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔