جنوبی افریقا کی مسجد میں چاقو حملے سے 2 معتکفین جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اے ایف پی

حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے، فوٹو: اے ایف پی

 کیپ ٹاﺅن: جنوبی افریقا میں چاقو بردار شخص نے مسجد پر حملہ کرکے عبادت میں مصروف 2  معتکفین کی جان لے لی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ کیپ ٹاؤن شہر کے علاقے مالمسبری میں پیش آیا جہاں جمعرات کی علی الصباح ایک چاقو بردار شخص نے  مسجد میں داخل ہوکر عبادت میں مصروف معتکفین پر حملہ کردیا۔ حملہ آور نے معتکفین پر چاقو کے پے درپے وار کیے جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ دیگر 2 زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ترجمان کیپ ٹاؤن پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوع پہنچی تو ہاتھ میں چاقو تھامے حملہ آور کو سرنڈر کرنے کا کہا تاہم  اس نے پولیس پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اس دوران جوابی کارروائی میں گولی مار کر اسے ہلاک کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: مصر میں مسجد پر حملہ، جاں بحق نمازیوں کی تعداد 305 ہوگئی

جنوبی افریقا میں مسلمان کمیونٹی کی نمائند ہ تنظیم مسلم جوڈیشل کونسل  نے مسلمانوں کے بہیمانہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے  کہا ہے کہ مذکورہ واقعے نے مسلمان کمیونٹی کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا۔

واضح رہے کہ  ایک ماہ قبل ڈربن کی ایک مسجد پر چاقو حملے میں دو نمازی جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ حملہ آور موقع سے فرار ہوگیا تھا اور تاحال پولیس ملزم کی گرفتاری  میں ناکام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔