علی ظفر کی ایکشن فلم ’طیفا ان ٹربل‘ کا ٹریلرجاری

ویب ڈیسک  جمعرات 14 جون 2018
 فلم’ طیفہ ان ٹربل‘‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 20 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔فوٹو: فائل

فلم’ طیفہ ان ٹربل‘‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں 20 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔فوٹو: فائل

 کراچی: معروف پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی ایکشن سے بھرپور فلم ’ ’طیفا ان ٹربل‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

معروف پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر کی پروڈکشن کمپنی لائٹنگ گیل پروڈکشنز اور بالی ووڈ کی یش راج فلمز کے تعاون سے بننے والی ایکشن اور تھرل سے بھرپور پاکستانی اداکار علی ظفر کی فلم ’’ طیفا ان ٹربل‘‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں علی ظفر ’طیفا‘ کے نام سے نظر آئیں گے جب کہ  1 منٹ 19 سیکنڈ کے ٹریلر میں محبت،کامیڈی اور ایکشن سے تڑکا دکھایا گیا ہے۔

ایک انٹرویو میں گلوکار و اداکار علی ظفر کا کہنا تھا کہ آج مجھے بہت زیادہ خوشی ہے کہ میرا بہت بڑا خواب مکمل ہوا ہے۔ اپنی سنیما انڈسٹری کو دنیا بھر میں لے کر جانا ایک بہترین عمل ہے جب کہ میرا ہمیشہ سے یہ یقین اور ایمان ہے کہ درست نیت ،خلوص اور سخت محنت سے آپ اپنے تمام خواب حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ احسن رحیم کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’’طیفا ان ٹربل ‘‘ میں علی ظفرکے ہمراہ مایا علی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جب کہ جاوید شیخ ،فیصل قریشی ،محمود اسلم  اور نیر اعجاز سمیت دیگر فنکار بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔ فلم  پاکستان سمیت دنیا بھر میں 20 جولائی کو ریلیز کی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔