عیدالفطر سے قبل مہنگائی میں ہوش ربا اضافہ

بزنس ڈیسک  جمعـء 15 جون 2018
صرف کیلے ودال ماش کی قیمتیں کم،ایک ہفتے کے اندر افراط زر میں1.71 فیصد کا اضافہ۔ فوٹو : فائل

صرف کیلے ودال ماش کی قیمتیں کم،ایک ہفتے کے اندر افراط زر میں1.71 فیصد کا اضافہ۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  عیدالفطر سے قبل اور رمضان المبارک کے آخری ہفتے میں مہنگائی میں ہوش ربا اضافہ ہوگیا۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 13 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران افراط زر کی شرح میں1.71 فیصد کا اضافہ ہوا، 8ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے انفلیشن میں سب سے زیادہ 2.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، 12 ہزار روپے ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی 1.95 فیصد، 18ہزار آمدن والوں کے لیے 1.85 فیصد، 35 ہزار ماہانہ انکم والوں کے لیے 1.70فیصد اور 35ہزار روپے سے زیادہ ماہانہ کمانے والوں کے لیے مہنگائی کی شرح میں سب سے کم یعنی 1.52 فیصد جبکہ مجموعی طور پر افراط زر کی شرح میں 1.71 فیصد کا اضافہ ہوا۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے 19 اشیا کی اوسط قیمتوں میں اضافہ، صرف 2 اشیا کے نرخوں میں کمی اور 32 کے دام میں استحکام رہا۔ پی بی ایس کے مطابق گزشتہ ہفتے ملک میں ٹماٹر کی قیمت 31.59 فیصد کے اضافے سے اوسطاً 44.53 روپے فی کلوہو گئی جو ایک ہفتے قبل 33.84 روپے فی کلوگرام تھی، زندہ فارمی برائلر مرغی 8.79 فیصد کے اضافے سے 194.12 روپے فی کلو، آٹا 8.78 فیصد کے اضافے سے 356.61 روپے فی 10کلو گرام، سرخ مرچ پاؤڈر7.24فیصد بڑھ کر 306.92 روپے فی کلوگرام، پیاز 7.01 فیصد کے اضافے سے 32.82 روپے فی کلوگرام، ہائی اسپیڈ ڈیزل6.68 فیصد مہنگا ہو کر 106.23  روپے فی لیٹر، آلو 5.77 فیصد کے اضافے سے 30.80 روپے فی کلو، پٹرول 4.83 فیصد بلند ہو کر 92.82 روپے فی لیٹر، مٹی کا تیل 2.54 فیصد کے اضافے سے 120.03 روپے فی لیٹر، تازہ دودھ 4.02 فیصد بڑھ کر84.70 روپے فی لیٹر، چینی 0.59 فیصد کے اضافے سے 53.30 روپے فی کلو، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 0.51 فیصد بڑھ کر 1282.94 روپے، سرسوں کا تیل 0.51 فیصد کے اضافے سے 185.61 روپے فی کلو، لہسن 0.49 فیصد کے اضافے سے 123.98 روپے فی کلوگرام، گندم 0.32 فیصد بڑھ کر 323.46 روپے فی 10 کلو گرام، ویجیٹیبل گھی (کھلا/تھیلی) 0.3 فیصد کے اضافے سے 149.28 روپے فی کلو، گائے کا ہڈی والا گوشت 0.28 فیصد بڑھ کر 366.33 روپے فی کلو، انڈے 0.15 فیصد کے اضافے سے 87.80 روپے فی درجن اور گڑ 0.06 فیصد مہنگا ہو کر ملک میں اوسطا 79.02 روپے فی کلوگرام ہوگیا۔

اس کے برعکس گزشتہ ہفتے صرف 2 اشیا کیلے اور دال ماش سستی ہوئی، کیلے کی اوسط قیمت 4.25 فیصد گھٹ کر127.49 روپے فی درجن ہوگئی اور دال ماش کی قیمت ایک ہفتے میں 0.2 فیصد کے اضافے سے 146.29 روپے فی کلوگرام ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔