روس نے سعودی عرب کو 5 گول سے شکست دیدی

ویب ڈیسک  جمعـء 15 جون 2018
چیریشیف نے2بار گیندکو جال کی راہ دکھائی،مجموعی طور پرٹیم نے5گول داغے (فوٹو: اے ایف پی)

چیریشیف نے2بار گیندکو جال کی راہ دکھائی،مجموعی طور پرٹیم نے5گول داغے (فوٹو: اے ایف پی)

ماسکو: فٹ بال ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں میزبان روس نے سعودی عرب کو پانچ گول کے مقابلے میں صفر سے شکست دے دی۔

فٹبال ورلڈکپ کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد گرینڈ ایونٹ کا پہلا میچ میزبان ٹیم روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ہی ٹیمیں ایونٹ کے آغاز سے قبل ناکامیو ں سے دوچار رہی تھیں تاہم میدان میں میزبان سائیڈ کی کارکردگی کافی بہتر دکھائی دی۔ ہوم کراؤڈ کی مکمل حمایت سے کھلاڑی کافی پرجوش دکھائی دیے۔

میچ کے آغاز سے ہی روس نے دباؤ بڑھانا شروع کردیا جس کا صلہ 12 ویں منٹ میں ملا، مڈ فیلڈر یوری گازینسکی نے ورلڈ کپ 2018ء کا پہلا گول کیا، مہمان ٹیم ابھی اس ابتدائی حملے سے سنبھلی نہیں تھی کہ ڈینس چیریشیف نے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔

سعودی دفاعی پلیئرز نے انھیں روکنا چاہا مگر بائیں پائوں کی کک پر گیند گول کیپر المعروف کو چکمہ دیتی ہوئی سیدھی جال میں چلی گئی۔ وقفے کے بعد مہمان ٹیم نے مقابلے میں کم بیک کرنا چاہا مگر میزبان سائیڈ نے ان کی ایک نہ چلنے دی،71 ویں منٹ میں آرٹیم ڈزیوبا نے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا کر ٹیم کی برتری 3-0 کردی۔

اضافی وقت کے پہلے منٹ میں ڈینس نے گول پوسٹ کے کنارے سے گیند کو کنٹرول کرتے ہوئے جال میں پہنچا دیا، تین منٹ بعد الیگزینڈر گولووائن نے گول کرکے ٹیم کی برتری 5-0 کردی اور اسی اسکور پر مقابلے کا اختتام ہوا۔ روسی ٹیم تماشائیوں کے نعروں اور تالیوں کی گونج میں خوشی سے سرشار میدان سے رخصت ہوئی۔

قبل ازیں ورلڈ کپ کے 21 ویں ایڈیشن کا چکاچوند تقریب میں آغاز ہوا۔ افتتاحی تقریب اور میچ کو دیکھنے کیلیے ماسکو کے لوزنیکی اسٹیڈیم میں 80 ہزار سے زائد تماشائی آئے تھے۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن، فیفا کے صدر گیانی انفاٹینو، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت کئی ممالک کی اعلیٰ شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

روس نے ورلڈ کپ کی میزبانی پر 13 بلین ڈالر سے زائد کی رقم خرچ کی ہے، یہ 1980ء کے ماسکو اولمپکس کے بعد یہاں پر ہونے والا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ بھی ہے۔

ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب

ولادیمیر پیوٹن نے باضابطہ طور پر ٹورنامنٹ کے’اوپن‘ہونے کا اعلان کیا اور اس موقع پر کہاکہ میں دنیا کی سب سے اہم ترین چیمپئن شپ کے آغاز پر سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، اسٹیڈیم کے باہر بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود تھی، شائقین کا جوش وخروش بھی دیدنی رہا۔

اسپین کے سابق گول کیپر اکیر کیسیلاس ٹورنامنٹ کی گولڈن ٹرافی لے کر جب میدان میں داخل ہوئے تو اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا، روس کی سپر ماڈل نتالیہ بھی ان کے ہمراہ تھیں، دونوں نے ٹرافی کو اسٹیج پر پہنچایا۔ افتتاحی تقریب میں برطانوی پاپ سنگر روبی ولیمز نے ایک چھوٹا سا کنسرٹ پیش کیا انھوں نے اپنے معروف گیت’لیٹ می انٹرٹین یو‘سے ماحول گرمایا جس کے بعد انھوں نے اپنا گانا’راک ڈی جے‘سنایا جس میں ڈانسرز اور فری اسٹائلرز نے بھرپور ساتھ دیا۔

بعد ازاں گراؤنڈ میں روسی معروف سنگر گیری فولینا کی انٹری ہوئی، وہ ایک بڑے ’فائر برڈ‘پر سوار تھیں۔ انھوں نے ولیمز کے ہمراہ ان کا گانا ’اینجلز‘گایا۔ برازیل کے سابق اسٹرائیکر رونالڈو بھی اسٹیج پر آئے۔ اس موقع پر روس روس کے فلک شگاف نعرے بھی گونجتے رہے۔ کمپوزر پیٹر ٹچائیکووسکی نے افتتاحی تقریب کی موسیقی ترتیب دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔