غیر ملکی کوچ نے پلیئرز کو پنالٹی کارنر کے گر سکھا دیے

جلد سہیل عباس کی طرح اسپیشلسٹ سامنے آئیں گے،لومینز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جلد سہیل عباس کی طرح اسپیشلسٹ سامنے آئیں گے،لومینز۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  چیمپئنز ٹرافی کیلیے گول کیپنگ کوچ ڈینس وین ڈیپول کے بعد غیر ملکی اسپیشلسٹ کوچ نے قومی ہاکی کھلاڑیوں کو پنالٹی کارنرز کے گُر سکھا دیے۔

رواں ماہ ہالینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی میں شریک ٹیموں کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، میگا ایونٹ 23 جون سے یکم جولائی تک ہالینڈ کے شہر بریڈا میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت ارجنٹائن، آسٹریلیا، بیلجیئم، بھارت اور ہالینڈ کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی۔ میگا ایونٹ کے دوران رضوان سینئر ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ دوسرے کھلاڑیوں میں عمران بٹ، مظہرعباس، امجد علی (گول کیپرز) ، عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد علی، تصور عباس، رضوان جونئیرر، ابو بکر، عرفان جونئیر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، رضوان سینئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب، اعجاز علی، رانا سہیل اور محمد دلبر شامل ہیں۔

کیمپ اور پریکٹس میچوں میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے18 کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی کے دوران صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع فراہم کیا جائے گا جبکہ باقی 4کھلاڑی وطن واپس آ جائیں گے، چیمپئنز ٹرافی کے دوران عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم بھی بریڈا میں بھر پور تیاریوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، 5 پریکٹس میچوں کی سیریز پر مشتمل 2 مقابلے میں بھی ایکشن میں دکھائی دے چکی ہے۔

ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے گول کیپر کوچ ڈینس وین ڈیپول بھی قومی گول کیپرز عمران بٹ، امجد علی اور مظہر عباس کو گول روکنے کے گر سکھا رہے ہیں، گول کیپر کوچ کے بعد اب ہالینڈ سے ہی تعلق رکھنے والے برام لومینز بھی قومی کیمپ کا حصہ بن چکے ہیں اور وہ کیمپ کا حصہ بننے والے توثیق ارشد، علیم بلال، ابوبکر اور عرفان سمیت دیگر پلیئرز کو بھر پور ٹریننگ دے رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیر ملکی کوچ نے ابتدائی روز کھلاڑیوں کو ہاکی کو درست انداز میں پکڑنے، فلیکرز لگانے کی بھر پور پریکٹس کرائی، بعد ازاں انھوں نے گول کیپر کے بغیر کھلاڑیوں کو گیند کو گول پوسٹ کے اندر درست انداز میں پھینکنے کی بھی بھر پور مشقیں کرائیں، اس موقع پر چیف کوچ راولنٹ اولٹمینز، کوچز محمد ثقلین، ریحان بٹ اور ٹیم منیجر حسن سردار بھی موجود تھے، ٹریننگ کے بعد کیمپ میں ہی غیر ملکی کوچ نے کھلاڑیوں کی پنالٹی کارنر لگاتے وقت غلطیوں کی نہ صرف نشاندہی کی بلکہ انھیں اعصاب پر قابو پانے اور درست انداز میں پنالٹی لگانے کے حوالے سے خصوصی لیکچر بھی دیا۔

ادھر غیر ملکی کوچ لومینز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے پنالٹی کارنر کے شعبے کا بغور جائزہ لیا ہے، پلیئرز باصلاحیت ہیں، درست سمت میں رہنمائی کی جائے تو سہیل عباس کی طرح ممتاز پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ بننے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔

غیر ملکی کوچ کا مزید کہنا تھا کہ پریکٹس میچوں میں پاکستانی پنالٹی کارنر شعبے کی کارکردگی کا مزید جائزہ لوں گا اور پلیئرز میں پائے جانے والی خامیوں کو اگلے پریکٹس سیشنز کے دوران دور کرنے کی کوشش کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔