موٹر سائیکل میں برقع پھنسنے سے گرنے والی خاتون کو ڈمپر نے کچل دیا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 15 جون 2018
نیشنل ہائی وے پر بھینس کالونی عظیم ہوٹل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ آمنہ جاں بحق ہوگئی۔ فوٹو: فائل

نیشنل ہائی وے پر بھینس کالونی عظیم ہوٹل کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ آمنہ جاں بحق ہوگئی۔ فوٹو: فائل

کراچی: شارع فیصل اور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں 2 خواتین جاں بحق ہو گئی۔

شاہراہ فیصل ناتھا خان پل پر تیز رفتار ڈمپر نے خاتون کو کچل دیا جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر جاں بحق ہوگئی ، موقع پر موجود مشتعل افراد نے حادثے کے ذمے دار ڈمپر کو آگ لگا دی،اطلاع ملنے پر ایئر پورٹ اور شارع فیصل پولیس موقعے پر پہنچ گئی جس پر آگ لگانے والے مشتعل افراد فرار ہوگئے۔ پولیس نے متوفیہ کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی۔

پولیس کا کہنا ہے جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 35 سالہ زارا کے نام سے کی گئی جو شوہر شاہد کے ساتھ عید کی خریداری کرکے اپنے گھر شاہ فیصل کالونی جارہی تھی کہ اس کا برقع موٹرسائیکل کے وہیل میں پھنس گیا اور وہ نیچے گری اسی دوران عقب سے آنے والے ڈمپر نے کچل دیا، حادثے کا ذمے دار ڈمپر ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ،پولیس نے ڈمپر کو تحویل میں لے لیا۔

دوسری جانب شاہ لطیف کے علاقے بھینس کالونی عظیم ہوٹل کے قریب نیشنل ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 55 سالہ آمنہ جاں بحق ہوگئی، متوفیہ کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لائی گئی،متوفیہ شاہ لطیف کی رہائشی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔