قومی کرکٹرز کو اپنوں کے ساتھ عید منانے کا موقع مل گیا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 جون 2018
چیمپئنزٹرافی ٹائٹل ماضی بن گیا،ٹیم کوآگے کی طرف بڑھنا ہوگا،سرفراز احمد۔ فوٹو : فائل

چیمپئنزٹرافی ٹائٹل ماضی بن گیا،ٹیم کوآگے کی طرف بڑھنا ہوگا،سرفراز احمد۔ فوٹو : فائل

 لاہور: قومی کرکٹرز کو اپنوں کے ساتھ عید منانے کا موقع مل گیا۔

دورئہ آئرلینڈ، انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ مکمل کرنے کے بعد کپتان سرفراز احمد سمیت بیشتر قومی کرکٹرز وطن واپس پہنچ گئے، جمعرات کو علی الصبح گلاسگو سے روانہ ہونے کے بعد کھلاڑی دبئی  آئے تھے، جمعے کو ان کی اپنے اپنے شہروں میں آمد ہوئی۔

سرفراز احمد کراچی جبکہ حسن علی، احمد شہزاد، راحت علی، آصف علی، فہیم اشرف لاہور،  محمد نواز، شاداب خان، عثمان خان شنواری اور فخر زمان راولپنڈی پہنچے، محمد عامر، حسین طلعت اور شعیب ملک بیرون ملک ہی عید منائیں گے،عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد دورئہ زمبابوے کی تیاری کیلیے مختصر کیمپ لاہور میں لگائے جانے کا امکان ہے۔

دریں اثنا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی آمد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا جیتنا بڑی بات ہے، اکثریت کا خیال تھا کہ ٹیم ہار کر آئے گی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان ٹیم فتوحات کے ٹریک پر ہے، ٹی ٹوئنٹی میں ہم نمبر ون ہیں، چیمپئنز ٹرافی ماضی کا حصہ بن چکی اب ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے دورے کا آغاز آئرلینڈ کیخلاف طویل فارمیٹ کے میچ سے کیا تھا،گرین کیپس نے اپنی تاریخ کا اولین ٹیسٹ کھیلنے والی میزبان ٹیم کو مات دینے کے بعد لارڈز میں انگلینڈ کو بھی زیر کرلیا۔

سرفراز احمد تاریخی میدان پر فتح پانے والے  پانچویں پاکستانی کپتان بنے، لیڈز میں مہمان ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور سیریز برابر رہی، اسکاٹ لینڈ میں کھیلے گئے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز گرین شرٹس نے جیت کر کلین سوئپ کیا، سرفراز احمد مسلسل 8 ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کرکامیاب ترین کپتان کا اعزاز پانے میں کامیاب ہوئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔