احمد شہزاد قومی ٹیم پر بوجھ محسوس ہونے لگے

عباس رضا / اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 16 جون 2018
ون ڈے اسکواڈ سے پہلے ہی باہر احمد شہزاد کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

ون ڈے اسکواڈ سے پہلے ہی باہر احمد شہزاد کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

 لاہور: اوپنر احمد شہزاد قومی ٹیم پر بوجھ محسوس ہونے لگے۔

تینوں فارمیٹ میں سنچریاں بنانے کا اعزاز رکھنے والے واحد بیٹسمین احمد شہزاد کی پاکستانی ٹیم میں جگہ خطرات سے دوچارہوتی جارہی ہے،گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف دونوں ون ڈے میچز میں ناکامی پر ڈراپ کیے جانے کے بعد ان کا خلا امام الحق نے پُرکردیا۔

آئی لینڈرز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بھی 2میچز کھلانے کے بعد احمد شہزاد کوباہر بٹھا دیا گیا، رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی ٹیم میں انھیں شامل نہیں کیا گیا اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈکا حصہ بنے تو44رنز کی ایک ہی قابل ذکر اننگزکھیل پائے۔

رواں سال اپریل میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کراچی میں سیریز کے تینوں میچز میں بابر اعظم نے بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اوراحمد شہزاد باہر بیٹھ کر تالیاں بجاتے رہے،نوجوان بیٹسمین انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بازو کی ہڈی فریکچر ہونے کی وجہ سے وطن واپس آگئے تو احمد شہزاد کے لیے اسکاٹ لینڈ جانے کا راستہ بن گیا۔

اوپنر نے نوآموز بولنگ لائن کا سامنا کرتے ہوئے پہلے میچ میں 14اور دوسرے میں 24رنز بنائے،ون ڈے اسکواڈ سے پہلے ہی باہر احمد شہزاد کے لیے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل نظر آرہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔