پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

ویب ڈیسک  اتوار 17 جون 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

 کراچی: پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی علاقوں میں دوسرے دن بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس نے عید الفطر کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وسطی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں عید کے دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس نے جہاں شدید گرمی سے مرجھائے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑا دی ہے وہیں عید کی خوشیاں بھی دوبالا ہوگئی ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے عید کی چھٹیوں اور دلفریب موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے۔

مری، گلیات، ناران اور شوگران میں بارش کے بعد سیاحوں کی بڑی تعداد حسین وادیوں کی سیر کے لیے پہنچ گئی ہے تاہم بعض علاقوں میں بارش کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ جس کی وجہ سے سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری طرف کراچی میں بھی موسم ابر آلود ہے جب کہ سمندر کی جانب سے چلنے والی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر اور دیگر پکنک پوائنٹس کا رخ کرلیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ پیر تک جاری رہے گا تاہم بلوچستان، صوبہ سندھ اور جنوبی پنجاب میں موسم بدستور خشک رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔