الیکشن کمیشن نے امیدواروں کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا

ویب ڈیسک  اتوار 17 جون 2018
ریٹرننگ افسران دوہری شہریت اور نادہندہ امیدواروں کی اہلیت ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔ : فوٹو : فائل

ریٹرننگ افسران دوہری شہریت اور نادہندہ امیدواروں کی اہلیت ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔ : فوٹو : فائل

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا  ہے اور ریٹرننگ افسران کل سے دہری شہریت، نادہندہ امیدواروں کی اہلیت و ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ملک میں عام انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور تمام سیاسی پارٹیوں کے امیدواران نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کرادیئے ہیں۔ دوسری جانب کل سے الیکشن کمیشن کی جانب سے بھی انتخابات 2018 کی گہما گہمی بحال ہوجائے گی، ریٹرنگ افسران کی عید کی چھٹیاں بھی کل سے ختم ہوجائیں گی جب کہ انتخابات میں حصہ لینے والے خواہشمند امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوجائے گا، ریٹرننگ افسران کل سے دہری شہریت اور نادہندہ امیدواروں کی اہلیت و ناہلیت کا فیصلہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئے ان کا مکمل ڈیٹا ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا ہے، ریٹرننگ افسران کو ایف آئی اے ، اسٹیٹ بینک، پی ٹی سی ایل، ایس این جی پی ایل کی جانب سے امیدواروں کا فراہم کردہ ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 19 جون تک جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔