انڈونیشیا میں 27 فٹ طویل اژدھا خاتون کو زندہ نگل گیا

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
انڈونیشیا میں 27 میٹر لمبا اژدہا خاتون کو نگل گیا۔ فوٹو: بشکریہ وائرل پریس

انڈونیشیا میں 27 میٹر لمبا اژدہا خاتون کو نگل گیا۔ فوٹو: بشکریہ وائرل پریس

جکارتا: انڈونیشیا میں ایک بہت بڑے اژدھے نے ایک خاتون کو زندہ نگل لیا اور اس واقعے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

27 فٹ طویل اژدھے کو پکڑ کر جب اس کا پیٹ چاک کیا گیا تو اس کے پیٹ سے خاتون کی لعاب میں لتھڑی ہوئی مکمل لاش برآمد ہوئی جس میں ان کے کپڑے بھی نمایاں تھے۔

54 سالہ خاتون دو بچوں کی ماں تھی اور جس نے براؤن ساڑھی اور سرخ بلاؤز پہنا ہوا تھا اور اس کے کپڑے بھی پہچاننے میں آرہے تھے۔ واتبا نامی خاتون انڈونیشیا کے علاقے جنوب مشرقی سلاویسی کی رہائشی تھیں جو جمعرات کی رات سے غائب تھی اور اگلی صبح اس کے بیٹوں کو ایک جگہ اس کے چپل ملے۔

اس کے بعد جب لوگوں نے اس کی تلاش شروع کی تو  قریب ہی ایک اژدہا دیکھا گیا جس کا پیٹ بری طرح پھولا ہوا تھا۔ یہ منظر دیکھ کر لوگ رونے لگے اور فوری طور پر اژدہے کو مار کر اس کا پیٹ چیرا گیا۔ معدے کے اندر خاتون کی لاش موجود تھی اور اس کا سر سانپ کی دم کی جانب تھا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اژدہے نے پہلے خاتون کا سر نگلا تھا۔

تاہم اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی اور اژدہے کے اندر خاتون دم توڑ چکی تھی۔ انڈونیشیا کے اس علاقے میں بڑے اژدہے پائے جاتے ہیں جو چھوٹے ممالیوں اور جانوروں کو زندہ نگل لیتے ہیں لیکن کبھی کبھی وہ بچوں اور خواتین کو بھی اپنا نوالہ بناتے ہیں۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔