انتخابات 2018؛ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوبارہ شروع

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے 20 ایپلٹ ٹربیونلز قائم کر دئیے فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے 20 ایپلٹ ٹربیونلز قائم کر دئیے فوٹو: فائل

 اسلام آباد: ملک بھر میں عید الفطر کے تیسرے روز ہی ریٹرننگ افسران کی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں اور انہوں نے انتخابی امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کا عمل دوبارہ شروع کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق ملک بھر میں ریٹرننگ آفیسرز نے قومی و صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دوبارہ شروع کردی ہے، ریٹرننگ افسران آج اور کل امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرکے ان کی اہلیت یا نااہلی کے فیصلے کریں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران کو کل تک تمام امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرنا ہے، اس کے لیے الیکشن کمیشن اسکروٹنی سیل نے ریٹرننگ افسران کو تمام امیدواروں کی تفصیلات فراہم کردی ہیں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کاغذاتِ نامزدگی پر ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے ہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل 20 ایپلٹ ٹربیونلز قائم کر دئیے ہیں، امیدوار 22 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ ایپلٹ ٹربیونلز 27 جون تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔