نادرا ووٹرز کی معلومات افشا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، الیکشن کمیشن

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
نادرا حکام نے ووٹرز کی معلومات غیر متعلقہ افراد کو فراہم کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن فوٹو:فائل

نادرا حکام نے ووٹرز کی معلومات غیر متعلقہ افراد کو فراہم کرکے معاہدے کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نادرا پر زور دیا ہے کہ ووٹرز کا ڈیٹا لیک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو خط لکھ کر ووٹرز کی معلومات افشا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ چیرمین نادرا عثمان مبین پر الزام سامنے آیا ہے کہ انہوں نے ن لیگ کو الیکشن جیتنے میں مدد فراہم کرنے کے لیے ووٹرز کا ڈیٹا فراہم کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو خط لکھ کر ووٹرز کا ڈیٹا لیک ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔  خط میں کہا گیا کہ نادرا حکام نے ووٹرز کی معلومات غیر متعلقہ افراد کو فراہم کرکے الیکشن کمیشن کے ساتھ معاہدے کی خلاف ورزی کی، ووٹرز کا ڈیٹا الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی غیر متعلقہ افراد کے پاس پہنچ گیا۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹرز کا ڈیٹا غیر مجاز افراد کے ہاتھوں تک پہنچنے پر خدشات ہیں، معاہدے کے تحت نادرا ووٹرز کا ڈیٹا کسی سے شیئر نہیں کر سکتا، نادرا معلومات ظاہر کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے مزید وضاحت کی کہ نادرا کے حوالے سے پی ٹی آئی کی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی، نادرا کو خط تحریک انصاف کی درخواست پر نہیں لکھا گیا، بلکہ کمیشن کی اجازت کے بغیر ووٹرلسٹوں کے بعض اعداد و شمار شائع ہونے پر نادرا سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔