حوثی باغیوں کے سعودی عرب پر داغے گئے میزائل سے پاکستانی شہری زخمی

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر جازان پر میزائل داغا۔ فوٹو : فائل

یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر جازان پر میزائل داغا۔ فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب کے علاقے جازان میں یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل کی زد میں آکر ایک پاکستانی تارک وطن زخمی ہوگیا۔ 

عرب میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے گزشتہ شب سعودی عرب کے شہر جازان پر ایک بیلسٹک میزائل داغا جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے فضاء میں ہی ناکارہ بنا دیا تاہم میزائل کے آہنی ٹکڑے لگنے سے ایک  پاکستانی تارک وطن زخمی ہو گیا جسے قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ زخمی شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

یمن میں باغی حوثیوں سے برسرپیکار عرب فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حوثی باغیوں نے یمن کے شہر صعدہ سے رات ایک بج کر 39 منٹ پر جازان کے علاقے میں میزائل داغا جسے سعودی فضائیہ نے بروقت کارروائی کر کے فضاء میں ہی تباہ کر کے ناکارہ بنا دیا۔ میزائل ایرانی ساختہ ہے۔

کرنل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ ایران حوثی باغیوں کو عسکری ساز و سامان فراہم کر رہا ہے۔ یمن کے مسلح باغی سعودی عرب کی شہری آبادی پر بیلسٹک میزائل حملے جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہا ہے جس کے خلاف سعودی عرب حق دفاع محفوظ رکھتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔