مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، مزید دو نوجوان شہید

ویب ڈیسک  پير 18 جون 2018
کشمیری نوجوانوں کو ضلع بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

کشمیری نوجوانوں کو ضلع بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کردیا گیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید دو کشمیری نوجوانوں نے جام شہادت نوش کرلی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فوج نے آج کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں فائرنگ کر کے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔ دونوں نوجوانوں کو فوجی سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ اس ضلع میں بھارتی فوجی نے گزشتہ ایک ہفتے سے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

دوسری جانب بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ پیرا کمانڈوز اور بھارتی فضائیہ نے آج صبح ضلع بانڈی پورہ میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں بھارتی فوج کے ایک کمانڈنگ آفیسر بھی شامل ہیں۔ اس آپریشن کا آغاز رواں ماہ کی 9 تاریخ کو ہوا تھا۔

واضح رہے گزشتہ روز بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کشمیر میں ماہ رمضان کے دوران نام نہاد فائر بندی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے بھارتی فوج کو پیش قدمی کا حکم دیا تھا۔ اس وقت بھی کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے مختلف گاؤں میں سرچ آپریشن جاری ہے جہاں داخلی اور خارجی راستوں پر فوج تعینات ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔