سویڈن نے کوریا کو 0-1 سے زیرکرلیا

اسپورٹس ڈیسک  پير 18 جون 2018
 فیصلہ کن گول آندریس گرانکوئیسٹ نے کھیل کے 65ویں منٹ میں پنالٹی کک پر کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

 فیصلہ کن گول آندریس گرانکوئیسٹ نے کھیل کے 65ویں منٹ میں پنالٹی کک پر کیا۔ فوٹو: اے ایف پی

نووگوروڈ: فٹبال ورلڈکپ کے نووگورڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں سویڈن نے جمہوریا کوریا کو 0-1 سے زیرکرلیا۔

گروپ ”ایف“ میچ کی ابتدا میں دونوں ٹیموں نے دفاعی انداز میں آغاز کیا،بعد ازاں سویڈن نے حریف پر دباﺅ بڑھانا شروع کیا،آندریس گرانکوئیسٹ اور فورسبرگ نے چنداچھی مووز بناتے ہوئے مواقع پیدا کئے لیکن گول کرنے میں کامیابی نہ حاصل ہوسکی،کھیل کے 25ویں منٹ میں کورین دفاعی کھلاڑیوں نے متعدد غلطیاں کیں۔ ایک کراس پر فورسبرگ اپنی ٹیم کو برتری دلانے کی پوزیشن میں تھے لیکن گول کیپر جوہیونوو راہ میں دیوار بن گئے۔

پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے کے آغاز میں سویڈن کو ایک اور سنہری موقع ملا،وکٹر کلیسن کے پاس پر فورسبرگ کی زوردار کک پر بال باہر چلی گئی، لارسن کی ہیڈر گول کیپر نے ناکام بناکر سویڈن کی بیتابی میں اضافہ کیا، وکٹر کلیسن پنالٹی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس پر آندریس گرانکوئیسٹ نے کھیل کے 65ویں منٹ میں گول داغ کراپنی ٹیم کو برتری دلادی،بعد ازاں کوئی ٹیم بال کو جال کی راہ دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکی، سویڈن نے میچ 0-1 سے جیت لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔