چیمپئنز ٹرافی؛ حتمی 18 رکنی قومی ہاکی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا

مظہر عباس،رضوان جونیئررانا سہیل اور دلبر مینجمنٹ کا اعتماد حاصل نہ کرسکے،چاروں کھلاڑیوں کو آج وطن واپس روانہ کردیاگیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

مظہر عباس،رضوان جونیئررانا سہیل اور دلبر مینجمنٹ کا اعتماد حاصل نہ کرسکے،چاروں کھلاڑیوں کو آج وطن واپس روانہ کردیاگیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے لیے حتمی 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔

رواں ماہ ہالینڈ کے شہر بریڈا میں شیڈول آیف آئی ایچ چیمپئینز ٹرافی کے لیے پاکستان کی 18رکنی حتمی ٹیم کو فائنل کرلیا گیا ہے، قومی ٹیم منیجمنٹ نے بریڈا میں لگنے والے کیمپ اور ہالینڈ، وہاں کے مقامی کلبز اور آسٹریا کے خلاف 5 میچوں کی سیریزکے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لیا جس کے بعد کھلاڑیوں کا حتمی انتخاب کیا گیا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی پر قائم سلیکشن کمیٹی نے عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں صدر پی ایچ ایف بریٖگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر اور سیکریٹری شہباز احمد سینئر کی موجودگی میں ایک روزہ ٹرائلز کے بعد18کی بجائے 22 رکنی ٹیم کا انتخاب کیا تھا، اس وقت فیصلہ یہ کیا گیا تھا کہ تمام منتخب22 کھلاڑی ہالینڈ جائیں گے تاہم وہاں پر لگنے والے کیمپ اور پریکٹس میچوں میں اعتماد پر پورا نہ اترنے والے 4کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گول کیپر مظہر عباس ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں جبکہ رضوان جونیئر، رانا سہیل اور دلبر بھی ٹیم منیجمنٹ کا اعتماد حاصل نہیں کرسکے ہیں، چاروں کھلاڑیوں کو منگل کو وطن واپس بھجوا دیا جائیگا۔

ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کے دوران رضوان سینئر ہی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ میگا ایونٹ کے دوران گرین شرٹس کو 2 گول کیپرز عمران بٹ اور امجد علی کی خدمات حاصل رہیں گی۔

دوسرے منتخب پلیئرز میں عرفان سینئر، مبشر، علیم بلال، عماد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد علی، تصور عباس، ابوبکر، عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، رضوان سینئر، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب اور اعجاز علی شامل ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ 5 پریکٹس میچوں کی سیریزختم ہونے کے بعد قومی ٹیم منیجمنٹ کی تمام نظریں اب تربیتی کیمپس پر مرکوز ہوں گی،کیمپ کے دوران نہ صرف کھلاڑیوں کی فٹنس اور گیم اسکلز کو مزید بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا بلکہ ٹیم میٹنگز کے دوران پلیئرز کی خوبیوں اور خامیوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف23 جون کو مدمقابل ہوگی، 24 جون کو پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے، 26 جون کو گرین شرٹس ہالینڈ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے، 28 جون کو پاکستان کا مقابلہ ارجنٹائن کے ساتھ ہوگا جبکہ میگا ایونٹ کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 29 جون کو بیلجیئم سے نبرد آزما ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔