مریم نواز نے اپنی کروڑوں کی جائیداد اور اثاثے ظاہر کردیے

ویب ڈیسک  بدھ 20 جون 2018

 لاہور: مریم نواز کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں جس کے مطابق مریم نواز کے پاس کروڑوں روپے کی جائیداد ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں جس کے مطابق مریم نواز چوہدری شوگر ملز، حدیبیہ پیپر ملز، حدیبیہ انجینیئرنگ پرائیویٹ لمیٹڈ، حمزہ اسپننگ ملز اور محمد بخش ٹیکسٹائل ملز سمیت پانچ ملوں میں شیئر ہولڈر ہیں، اس کے علاوہ مریم نواز پاکستان میں 1506 کنال ایک مرلہ زرعی زمین کی مالکن ہیں جب کہ انہوں نے اپنی فیملی کی زیر تعمیر فلور مل میں 34 لاکھ 62 ہزار کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

مریم نواز نے سوفٹ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کو 70لاکھ روپے بطور قرض دے رکھا ہے، مریم نواز کو 4 کروڑ 92 لاکھ  روپے کے گفٹ ملے ہیں،  مریم نواز کے پاس ساڑھے 17 لاکھ کی جیولری ہے جب کہ مریم نواز اپنے بھائی حسن نواز کی 2کروڑ 89لاکھ کی مقروض بھی ہیں، گزشتہ تین برسوں میں ان کی زرعی زمین میں 548 کنال کا اضافہ ہوا ہے جب کہ مریم نواز نے 3 برسوں میں 64 لاکھ روپے کے غیر ملکی دورے بھی کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔