طالبان کے حملوں میں 30 افغان فوجی ہلاک، 15 جنگجو مارے گئے

ویب ڈیسک  بدھ 20 جون 2018
عسکریت پسندوں نے ایک فوجی چھاونی پر قبضہ کرلیا، گورنر بادغیس (فوٹو: فائل)

عسکریت پسندوں نے ایک فوجی چھاونی پر قبضہ کرلیا، گورنر بادغیس (فوٹو: فائل)

کابل: افغانستان میں جنگ بندی ختم ہونے کے بعد طالبان کے مختلف حملوں میں 30 افغان فوجی ہلاک اور 15 دہشت گرد مارے گئے۔

خبررساں ادارے کے مطابق صوبے باد غیس میں علی الصباح طالبان نے مختلف سمتوں سے فوجی اڈوں پر حملے کیے، حملہ آوروں نے چیک پوسٹوں کے ساتھ ساتھ فوجی گاڑیوں کو بموں سے نشانہ بنایا اور اس دوران دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا جو کافی دیر بعد طالبان کے قبضے کی صورت میں ختم ہوا۔

صوبے کے گورنر عبدالغفور ملکزئی نے حملوں میں 30 فوجیوں کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں نے ایک فوجی چھاؤنی پر اپنا کنٹرول حاصل کرلیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان قیادت کا سیلفیاں بنوانے والے طالبان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

صوبائی گورنر کے ترجمان نے بعد ازاں جوابی کارروائی میں 15 حملہ آوروں کو ہلاک کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ فورسز سے جھڑپوں میں 20 سے زائد جنگجو زخمی بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر حکومت اور طالبان  نے جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا جب کہ افغان حکومت نے سیز فائر کی مدت میں اضافے کی خواہش کا اظہار کیا جسے طالبان نے مسترد کرتے ہوئے حملے کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔