ڈی جی خان میں سابق رکن اسمبلی کو 5 سال بعد حلقے میں نکلنا بھاری پڑگیا

ویب ڈیسک  بدھ 20 جون 2018
5 سال بعد حلقے میں آنے پر مظاہرین نے جمال لغاری کی گاڑی کے سامنے موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے راستہ بلاک کردیا (فوٹو : اسکرین گریب)

5 سال بعد حلقے میں آنے پر مظاہرین نے جمال لغاری کی گاڑی کے سامنے موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے راستہ بلاک کردیا (فوٹو : اسکرین گریب)

ڈی جی خان میں سابق رکن اسمبلی جمال لغاری کو حلقے میں نکلنا بھاری پڑگیا، جمال لغاری 5 سال پہلے ہونے والی وفات پر آج تعزیت کرنے گئے لیکن ووٹرز کے تلخ سوالوں پر وہ واپس چلے گئے۔

تبدیلی کی لہر ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں بھی پہنچ گئی، مسلم لیگ ن کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سردار جمال لغاری تمن لغاری کے علاقے رونگھن میں تعزیت کے بہانے الیکشن مہم کے لیے گئے تو مظاہرین نے ان کی گاڑی کے سامنے موٹر سائیکلیں کھڑی کرکے راستہ بلاک کردیا اورانہیں علاقےمیں دورے سے روک دیا۔

مظاہرین نے جمال لغاری سے علاقے میں آمد کی وجہ پوچھی اورسوال کیا کہ گذشتہ پانچ سال تک آپ کہاں تھے؟  جمال لغاری نے جواب دیا کہ میں تعزیت کے لیے آیا ہوں جس پر مظاہرین نے کہا کہ 5 سال قبل فوت ہونے والے شخص کی تعزیت کے لیے آج آنے کا کیا مطلب ہے؟ منفی ردعمل اور سبکی سے بچنے کے لیے سردار جمال لغاری نے دورہ ادھورا چھوڑ کر واپسی کی راہ لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔