کراچی میں ٹکٹوں کی تقسیم پر پی ٹی آئی دھڑے بندی کا شکار

نعیم خانزادہ  جمعرات 21 جون 2018
چند لوگ ناراض ضرورہیں لیکن تحریک انصاف کر اچی میں تاریخی کا میابی حاصل کریگی، فردوس شمیم نقوی۔ فوٹو:فائل

چند لوگ ناراض ضرورہیں لیکن تحریک انصاف کر اچی میں تاریخی کا میابی حاصل کریگی، فردوس شمیم نقوی۔ فوٹو:فائل

کراچی: کراچی میں پی ٹی آئی ٹکٹوں کی تقسیم پردھڑوں میں بٹ گئی ہے اور مختلف رہنمائوں نے کراچی میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ناراض رہنمائوں کا کہنا ہے کہ کراچی کی قیادت نے تحریک انصاف کو نقصان پہنچایا ہے، اسد عمر ٹکٹوں کی بندر بانٹ کے ماسٹرمائنڈ ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹکٹوں کی تقسیم پرناراض کارکنان نے انصاف ہائوس میں توڑ پھوڑ بھی کی تھی جبکہ دوسرے ناراض گر وپ جس کا تعلق لیبر ونگ سے تھا، نے انصاف ہائوس پر 5 دن تک علا متی دھرنے بھی دیے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناراض گر وپ میں سینئر رہنما اور پرانے کارکنان شامل ہیں۔ ناراض رہنمائوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں تحریک انصا ف کی قیادت نے ٹکٹوںکی بندر بانٹ کی ہے اور من پسند افراد کو ٹکٹ دیے گئے ہیں جبکہ20 سال سے وابستہ سینئر کارکنان کو نظرانداز کر دیا گیا ہے۔

ناراض سینئررہنما سبحان ساحل نے ایکسپریس سے با ت چیت کر تے ہو ئے کہا کہ پی ٹی آئی سند ھ کے پارلیمانی بورڈ نے پا رٹی کو انارکی اور انتشار میں دھکیل دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عارف علوی نے ضلع غربی میں فیصل واوڈا ، آفتاب جہانگیرسمیت دیگر لوگو ں کوٹکٹ دیے جبکہ ضلع غربی کے مقامی لوگو ں کو نظرانداز کردیا گیا۔

سینئر رہنما ارم بٹ کوٹکٹ نہیں دیا جبکہ پی ایس114 سے انتہا ئی سینئر رہنما داوا خان صابر کو ٹکٹ نہیں دیا ۔سبحان ساحل نے کہا کہ مجھے این اے 248 سے ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔کراچی کی پارٹی قیادت نے تحریک انصاف کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ انھو ں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین عمران خان کو متعدد بار تمام صورتحال سے آگاہ کیا لیکن انھوں نے اس پر ایکشن نہیں لیا۔

سبحان ساحل نے براہ راست اسد عمر پر الزام لگایا کہ وہ تمام ٹکٹوں کی تقسیم کے سرپرست اعلیٰ ہیں اور انھوں نے اپنی پرسنل سیکریٹری کو بھی مخصوص نشست کے لیے ٹکٹ دیا۔سبحان ساحل کے مطابق کر اچی میں تحریک انصاف کو ٹکٹوں کی غیرمنصفانہ تقسیم کی وجہ سے بڑا نقصان ہو سکتا ہے ۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے ایکسپریس سے با ت چیت کر تے ہو ئے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پرکی گئی ہے۔600درخواستیں آئی تھی جن میں63 ٹکٹ تقسیم کرنا تھے جو پوری ایمانداری کے ساتھ کیے گئے۔کچھ کارکنان کو ٹکٹ نہیں ملے، وہ بے بنیاد با تیں کررہے ہیں، سب لو گوں ٹکٹ نہیں دیے جا سکتے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔