امریکی خاتون اول کی جیکٹ سوشل میڈیا پر متنازعہ بن گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 22 جون 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

ٹیکساس: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے امریکا میں غیر قانونی تارکین وطن سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے ملاقات کی اس دوران زیب تن کیے جیکٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ نے اچانک غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم والدین سے علیحدہ کیے گئے بچوں سے کیمپ میں جا کر ملاقات کی انہوں نے کچھ وقت بچوں کے ساتھ گزارا۔ ان کیمپوں میں تقریباً 2،300 بچے موجود ہیں۔ ان بچوں کا زیادہ تر تعلق وسطی اور جنوبی امریکی ممالک سے ہیں جن کے والدین اپنے ممالک سے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے تھے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو سے امریکا داخل ہونے والے تارکین وطن کے حوالے سے قوانین سخت کر دیئے تھے جس کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے شیر خوار بچوں تک سے علیحدہ کردیا گیا تھا۔ تاہم میلانیا ٹرمپ نے سب سے پہلے اس غیر انسانی رویئے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کی اپنے والدین سے علیحدگی کو نہایت افسوسناک صورت حال قرار دیا تھا۔

معصوم بچوں کی اپنے والدین سے علیحدگی کی دلخراش وڈیوز اور تصاویر پر سوشل میڈیا میں یہ معاملہ زور پکڑ گیا جس پر امریکی صدر نے بچوں کی علیحدگی کے معاملے پر کانگریس کو قانون سازی کا کہا جس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز تارکین وطن کو ان کے بچوں کے ساتھ رکھنے سے متعلق ایگزیکٹیو آرڈر پر دستخط کردیئے۔ اس صدارتی حکم کے نفاذ کے بعد تارکین وطن والدین کو ان کے بچوں کے ہمراہ رکھا جائے گا۔

میلانیا کے لباس پر تحریر الفاظ کیا خفیہ پیغام ہیں؟ 

میلانیا ٹرمپ اپنے ملبوسات اور بالوں کے اسٹائل کے باعث عمومی طور پر میڈیا میں مقبولیت حاصل کرتی رہتی ہیں۔ تارکین وطن کے کیمپ کے دورے پر بھی سابق ماڈل نے مشہور فیشن ڈیزائنر ’زارا‘ کی تیار کردہ سبز رنگ کی جیکٹ زیب تن کر رکھی تھی جس کی پشت پر ?I REALLY DON’T CARE, DO U’ یعنی ‘مجھے کسی کی پروا نہیں،کیا آپ کو ہے؟’ تحریر تھا۔

mellania

میلانیا ٹرمپ کی جیکٹ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ عمومی طور پر لوگوں کا خیال تھا کہ یہ ایک پیغام تھا جو کہ میلانیا کے بارے میں پھیلائے جانے والی افواہوں کا جواب تھا۔ کچھ کا کہنا تھا کہ یہ خاص تارکین وطن سے متعلق میلانیا کی رائے پر تنقید کرنے والوں کے لیے ایک اظہار تھا تاہم میلانیا کے ترجمان نے ان باتوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جیکٹ پر درج الفاظ کے پیچھے کوئی خفیہ پیغام نہیں ہے۔ میڈیا کو جیکٹ کے بجائے دورے کے مندرجات پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔