5 سال میں (ن) لیگ نے ملکی معیشت تباہ کی اور چلتی بنی، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 22 جون 2018
نگراں حکومت قوم کو ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

نگراں حکومت قوم کو ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے، عمران خان۔ فوٹو: فائل

بنی گالہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 5 سال میں (ن) لیگ نے ملکی معیشت کی ساکھ تباہ کی اور چلتی بنی تاہم نگراں حکومت قوم کو ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے پاکستان کو اربوں ڈالرز کی بچت ہوئی تاہم اس کے باوجود (ن) لیگ نے معیشت کا حلیہ بگاڑ کررکھ دیا، (ن) لیگ پاکستان کو ریکارڈ مالیاتی خسارہ دے کر گئی۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور زرمبادلہ کے کم ترین ذخائر (ن) لیگی حکومت کا تحفہ ہیں، بلند ترین گردشی قرضے، ریاستی کمپنیوں میں نقصان (ن) لیگ کا کارنامہ ہے، 5 سال میں (ن) لیگ نے ملکی معیشت کی ساکھ تباہ کی اور چلتی بنی۔

عمران خان نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ گیارہ ماہ میں 16 ارب ڈالرز کی ریکارڈ سطح تک جاپہنچا جب کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ منفی قراردی گئی، گزشتہ برس کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی گراوٹ ہوئی، معاشی ترقی تو ساری اشتہارات تک ہی محدود رہی لہذا نگراں حکومت قوم کو ملکی معیشت کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔